حکومت سرمایہ کاری کانفرنس جیسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے ،ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی ‘لاہور چیمبر

پیر 18 جنوری 2016 16:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سرمایہ کاری کانفرنس جیسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے کیونکہ ان سے ملک میں انتہائی ضروری غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس منعقد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ان سے ملک میں انتہائی ضروری غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جس سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو مزید اچھا پیغام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری آنے سے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا جبکہ معیشت کو تقویت ملے گی، نئے منصوبے شروع ہونگے اور روزگار کے نئے مواقع نکلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات متعارف کرواکر غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہت اچھا پیغام دیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر معاشی سرگرمیوں اور مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران، کمزور ادارے اور سیاسی عدم استحکام غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ نہ پانے کی بڑی وجوہات ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے نجی شعبے کی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کرے۔ براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری کی صورتحال پاکستان کے وسائل اور صلاحیتوں کی عکاسی نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں