بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کی ممانعت کے آرڈیننس 2016ء پر عملدر آمدہر صورت یقینی بنائیں گے‘ راجہ اشفاق سرور

بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کی شکایات درج کرانے کے لئے 0800-55444ہیلپ لائن قائم ،80شکایات موصول ہوئیں ، وزیر محنت کی حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری اور سیکرٹری لیبر علی سرفراز کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 18 جنوری 2016 17:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کی ممانعت کے آرڈیننس 2016ء پر عملدر آمدہر صورت یقینی بنائے گی،اس حوالے سے بنائی گئی کمیٹیوں نے کارراوئی شروع کر دی ہے اور اب تک 85بھٹہ جات پر چائلڈ لیبر کے کیسز سامنے آنے پر ذمہ داران افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے40بھٹہ خشت کو سیل اور 42ذمہ داران کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری اور سیکرٹری لیبر علی سرفراز کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے اعلی سطحی اجلاس سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ وہ خود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے آرڈیننس اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کے لئے ترغیب دینے کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ۔جس کے تحت تما م اضلاع میں متعلقہ ڈی سی اوز ،ڈی پی اوز ،اسسٹنٹ کمشنر ،ایس ڈی پی اوز پر مبنی کمیٹیاں تشکیل دے کر انہیں انسپکٹر کے اختیارات دیئے گئے ہیں ۔یہ کمیٹیاں ہفتے میں 12بھٹہ خشت کا معائنہ کر کے چائلڈ لیبر کے ممکنہ واقعات کا جائزہ لیکر کاروائی کرنے کی مجاز ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کی شکایات درج کرانے کے لئے 0800-55444ہیلپ لائن قائم کی ہے جس پر اب تک 80شکایات موصول ہوئی جن پر فوری کاروائی عمل میں لائی گئی ۔راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکول داخل ہونے پر انہیں مفت تعلیم،کتابیں،کاپیاں ،یونیفارم اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ فی بچہ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ جبکہ والدین کو داخلے پر دو ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو بعض بھٹہ مالکان کی طرف سے پیشگی کی صورت میں استحصال کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے بھٹوں پر تحریری شکل میں کنٹریکٹ ملازمت اور صرف چھ ماہ کی تنخواہ بطور ایڈوانس لینے کی پابندی کا قانون بھی متعارف کروایا گیا ہے۔راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ پنجاب کے مجموعی طور پر 6090بھٹوں پر 17240بھٹہ مزدور خاندان آباد ہیں جبکہ ان بھٹوں پر سکول نہ جانے والے پانچ سے چودہ سال کے بچوں کی تعداد23642ہے جن میں سے 21847بچوں کو محکمہ لیبر نے لٹریسی ،سکول ایجوکیشن ،لوکل گورنمنٹ و دیگر اداروں کے تعاون سے بھٹوں سے قریبی سکولوں میں داخل کروایاہے ۔

انہو ں نے بتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے حکم پر صوبہ بھر کی انڈسٹریل اسٹیٹس کی آن لائن انسپکشن مکمل کی جا چکی ہے جس کے لئے جدید انڈرائڈ فون ٹیکنالوجی استعمال میں لائی گئی تا کہ مستند اور شفاف ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ بھٹوں پر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس سے بھٹہ مزدوروں اور مالکان کو آگاہ اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے شعور اجاگر کرنے کے لئے تمام اضلاع میں سیمینار زبھی منعقد کروائے جا رہے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں