پنجاب کسان ریلیف پیکیج کے تحت 2ماہ میں22ارب روپے سے زائد رقم شفاف طریقے سے تقسیم کی جا چکی ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

پنجاب کے10لاکھ سے زائد کسانوں کو امدادی رقوم کی تیز ترین تقسیم کی مثال کسی اور صوبے میں نہیں ملتی‘ چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ

پیر 18 جنوری 2016 17:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے دس لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو پنجاب کسان ریلیف پیکج کے تحت محض دو ماہ کے عرصے میں 22ارب روپے سے زائد کی امدادی رقوم تقسیم کی جا چکی ہیں جو کہ ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ وہ گزشتہ روز ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کے کسانوں میں 341ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا جو کہ اگر مروجہ کاغذی کارروائی کے ذریعے تقسیم کیا جائے تو کئی سال کا عرصہ درکارہو گالیکن پی آئی ٹی بی کے کمپیوٹرائزڈ نظام نے اسے نہ صرف آسان اور تیزترین بنا دیا ہے بلکہ شفافیت کے ذریعے ممکنہ تاخیر اور بدعنوانی کا سدِ باب بھی کر دیا ہے جس سے امدادی رقوم اصل مستحقین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت موقع پر ہی مستحقین کی نادرا ریکارڈ سے شناخت کی جاتی ہے اور پھر مختصر وقت میں متعقلہ بینک کے کاؤنٹرز سے ادائیگی کر دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کئی سال سے سیلاب متاثرین کو بھی نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعدامدادی رقوم کی اسی طرح تیز ترین اور شفاف ادائیگیوں کو یقینی بنا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں