رائے ونڈ‘ریلوئے افسران نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے 33ملکیتی دکانیں سربمہر کردیں

پیر 18 جنوری 2016 22:13

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء )ریلوئے افسران نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے 33ملکیتی دکانیں سربمہر کردیں،33دکانداروں کو قبل ازیں بلیک میل کرکے لاکھوں روپے ہتھیا ئے گئے ،اب ریلوئے افسران نئے سرے سے لمبی دیہاڑی لگانے کیلئے میدان میں آئے ہیں ،راشی افسران کی ہر سازش ناکام بنا دینگے ۔متاثرہ افراد کی دہائی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ بدرالغفور قاضی ،ڈی این تھری معلم خاں ،اے ای این رائے ونڈ فرخ شہزاد ،آئی او ڈبلیو جعفر حسین نے پولیس کی بھاری جمعیت کے ہمراہ تبلیغی مرکز بازار میں واقع 33ملکیتی دکانوں کو سربمہر کردیا جس پر صدر انجمن تاجران حاجی محمد لقمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ دکانیں ہم نے نصف صدی سے خریدی ہوئی ہیں جن کے ملکیتی ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں مزید برآں نے ہم نے سول کورٹ لاہور سے مذکورہ دکانوں کا حکم امتناعی بھی حاصل کررکھا ہے ،ریلوئے افسران ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہماری دکانوں کو سیل کرکے ہمیں پریشان کررہے ہیں قبل ازیں راشی افسران اس حوالے سے ہمیں بلیک میل کرچکے ہیں ریلوئے افسران کے اس جارحانہ رویے سے تاجربرادری عدم تحفظ کا شکار ہیں ریلوئے افسران ہمارے کاغذات دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے اور ہماری دکانیں سیل کردیتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ قبل ازیں مذکورہ دکانیں سیل کرکے ہمارا معاشی نقصان کیا گیا اب ایک بار پھر ریلوئے افسران ہمیں بلیک میل کرنے کیلئے دکانیں سیل کرچکے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری پاس مالکانہ حقوق ہونے کے باوجود ہمیں بے دخل کرنیوالے ریلوئے افسران کے خلاف اعلیٰ حکام تک جائیں گے ،مذکورہ افسران کی اس جارحانہ روش کے خلاف آج تبلیغی مرکز بازار میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں