لاہور ، اسلام آباد، ملتان اور پشاور میں دھند کا راج، پروازوں کا شیڈول متاثر

اگلے دو سے تین روز تک پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند جاری رہنے کی پیش گوئی

منگل 19 جنوری 2016 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) لاہور ، اسلام آباد، ملتان اور پشاور سمیت میدانی علاقوں میں دھند کا راج ‘پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر رات گیارہ بجے سے کوئی فلائٹ لینڈ نہ کر سکی۔ترجمان موٹروے کے مطابق نیشنل ہائی وے پر ساہیوال سے رحیم یار خان تک حد نگاہ صفر سے20میٹر رہ گئی ، نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ساہیوال تک حد نگاہ 50 سے 100میٹر ہو گئی۔

(جاری ہے)

موٹروے ایم 2 پر لاہور سے راولپنڈی تک دھند کے باعث حد نگاہ 50 سے100میٹر ہو گئی۔ موٹر وے کے ایم 3 پر پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک حد نگاہ 100سے 150میٹر تک رہ گئی۔ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں اور شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں