باچاخان یونیورسٹی پر حملہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیوں کا نتیجہ نظر آرہا ہے ‘ مخدوم سید احمد محمود

جمعرات 21 جنوری 2016 14:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے دہشتگردوں کی جانب سے باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردی کے واقعہ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے طلباء وطالبات سمیت دیگر افرد کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے ملک دشمن سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،معصوم طلباء کو نشانہ بنانا بدترین دہشتگردی ہے ،معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سلیم مغل کے ہمراہ جاری اپنے ایک بیان میں کہی ۔

(جاری ہے)

مخدوم سید احمد محمود نے کہاکہ باچاخان یونیورسٹی پر حملہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیوں کا نتیجہ نظر آرہا ہے موجودہ حکمرانوں کو چاہئے کہ مصلحت پسندی چھوڑ کر بھارت کی دہشتگردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کرے اس وقت پاکستان کو بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں اپنے مستقبل کیلئے مل کر چلنا ہوگا لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ آج نوازشریف وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہیں اور ان کی جماعت اقتدار میں ہے جو طالبان کو بچانے میں مصروف ہیں اور وہ بھارت کی ہماری سرحدوں پر جارحیت پر ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی بجائے قوم کو تقسیم کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ دولت اور ریاستی وسائل کے زور پر حکمرانی کرنے والے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے ان کی کارکردگی بجلی ،گیس بحران میں اضافہ قومی اداروں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار اور چہیتوں کو نوازنے اور میگا پروجیکٹ کی آڑ میں کرپشن جیسی پالیسیاں اور غریب متوسط طبقے کے افراد کو زندہ درگو کرنا ہی انکا اصل مقصد اور ایجنڈا ہے حکمران عوام کی زندگیوں میں آسودگی لانے کی بجائے صرف سڑکوں ،پلوں کے تجربات میں صرف کمیشن اکٹھی کرنے پر تلی ہوئی ہے ڈھائی سالوں میں صرف بجلی کے کاغذی منصوبوں کا افتتاح ہی کررہے ہیں اور ان سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی بجائے منصوبوں کی لاگت بڑھنے اور ناکامی کی اطلاعات ہی سامنے آرہی ہیں عوام کو تحفظ اور ریلیف دینا تو دور کی بات انہیں ہر روز نئے نئے ٹیکسوں میں الجھا کر انہیں اجتماعی خودکشیوں پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں