کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ قومی یکجہتی کے جذبے کو بروئے کار لا کر ہر صورت جیتیں گے‘ رفیق رجوانہ

جمعہ 22 جنوری 2016 14:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وطن سے بے لوث محبت ملک کی سالمیت اور خود مختاری کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، دشمن جان لے کہ کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتا ، انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی یکجہتی کے جذبے کو بروئے کار لا کر ہر صورت جیتیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سروسز اکیڈمی میں کورس مکمل کرنے والے اعلیٰ سول افسران سے خطاب کے دوران کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرہ ارض پر ہمیشہ رہنے کے لیے بنا ہے اور اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے اس وطن عزیز کا کوئی بال بھی بیگا نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ گڈگورننس پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے ، اعلیٰ سول افسران کو انتظامی امور کی بہتر بجا آوری کو یقینی بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر اعلی افسران اپنے دفاتر کے باہر گھنٹوں کھڑے رہنے والے سائلین کے احساسات کو محسوس کریں تو ان کو ان مجبور افراد کی مشکلات کا نہ صرف بہترانداز سے ادراک ہوگا بلکہ وہ انصاف کے تقاضے بھی بہتر انداز میں پورا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کی پالیسیاں خواہ کتنی ہی بہتر بنالے اصل تبدیلی ان عوام دوست پالیسیوں پر موثر عملدرآمدسے ہی ممکن ہے ،آج کے جدید دور میں سول افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے آئیں اور عوام اور اپنے درمیان موجود خلیج کو ختم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت نازک ترین دور سے گذر رہا ہے جہاں ایک طرف تو دہشتگردی جبکہ دوسری طرف اندرونی مسائل کا سامنا ہے ملک کو ان بحرانوں سے نکالنا محض حکومت کی ہی ذمہ داری نہیں اعلیٰ افسران اور عوامی نمائندے بھی اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ عوام کی حکومت سے توقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، ان عوام توقعات پر پورا اترنے کے لیے افسران اور عوام کے درمیان موثر رابطے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اعلیٰ افسران سے قوم کو بہت توقعات وابستہ ہیں اور وہ عوامی خدمت سے آگے آئیں اور وطن کی مٹی کا حق ادا کریں ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے چار سدہ یونیورسٹی میں شہید ہونے والے طالب علموں اور سیکیورٹی اہل کاروں کے بر وقت کاروائی جرات مندانہ اقدام کو خراج تحسین عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں ، ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی محسن لطیف کی رہائش گاہ پرگئے اور ان سے اُن کے والد میاں عبدالطیف کی وفات پر اظہار تعزیت کیا گورنر نے اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں