لاہور چیمبر کی طرف سے افتخار علی ملک کو پانچویں مرتبہ سارک چیمبر کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

توقع ہے افتخار علی ملک میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے‘ شیخ محمد ارشد ، الماس حیدر ، ناصر سعید

جمعہ 22 جنوری 2016 18:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے افتخار علی ملک کو پانچویں مرتبہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا نائب صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ملک میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ افتخار علی ملک کا مسلسل پانچویں مرتبہ سارک کا نائب صدر منتخب ہونا کاروباری برادری کے لیے اْن کی خدمات اور بہترین صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی سارک کے اراکین ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے ویسے ہی اقدامات اٹھانا ہونگے جیسا کہ یورپین یونین اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اْن رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو سارک ممالک کے مابین تجارت کو متاثر کررہی ہیں۔

الماس حیدر نے کہا کہ سارک کے اراکین ممالک کے درمیان تجارت 100ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے لیکن اس وقت اس کا حجم 28سے 30ارب ڈالر کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سارک ممالک ایک دوسرے کو ترجیح دیں جس سے ایک دوسرے پر اعتماد بھی بڑھے گا۔ انہوں نے سارک ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ویزا کے اجراء میں حائل رکاوٹیں دور کرکے اور ٹیرف میں آسانیاں پیدا کرکے تجارت بڑھائی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں