ملک میں تکفیر اور خارجیت کا فتنہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پروان چڑھا جارہاہے‘ چارسدہ یونیورسٹی اور پشاور سکول پر حملہ جیسی دہشت گردی کی کاروائیوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے‘ کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری کے سلسلے ختم کرنا ہوں گے‘مسلمانوں میں گروہ بندیوں اور فرقہ وارانہ تشدد سے اسلام دشمن قوتیں فائدے اٹھا رہی ہیں

امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں تکفیر اور خارجیت کا فتنہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پروان چڑھا جارہاہے۔ چارسدہ یونیورسٹی اور پشاور سکول پر حملہ جیسی دہشت گردی کی کاروائیوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری کے سلسلے ختم کرنا ہوں گے۔

مسلمانوں میں گروہ بندیوں اور فرقہ وارانہ تشدد سے اسلام دشمن قوتیں فائدے اٹھا رہی ہیں۔علماء انبیاء کے وارث ہیں‘ وہ اصلاح کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔مسلمان اپنے بچو ں کو انگریزی و دیگر علوم و فنون سکھانے کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تعلیم بھی دیں۔مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

نہتے کشمیریوں کو غاصب بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

وہ مرکز تقویٰ پینسرہ روڈ گوجرہ میں اجتماع جمعہ کے دوران خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شرکاء کی مکمل جامہ تلاشی کے بعدانہیں پنڈال میں جانے کی اجازت دی گئی۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ فرقہ واریت سے پیدا ہونے والا تشدد اور اسلام میں پڑنے والی دراڑوں سے دشمن ہماری صفوں میں داخل ہوئے ۔

مسلمانوں میں باہمی اتحادویکجہتی کا ماحول ہونا چاہیے اور اس اتحاد کو اپنے ایمان کا حصہ بنانا چاہیے۔مسلم امہ کو متحد ہو کر دشمنان اسلام کی سازشیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ انگریز نے مسلمانوں میں لادینیت پھیلانے کیلئے بہت کوششیں کی ہیں۔ان کی پروردہ این جی اوز نے ایسے تعلیمی ادارے بنائے جہاں نصابوں سے قرآن پاک اور سیرت رسول کو نکال دیا گیاتاکہ یہاں سے پڑھنے والے لوگ ان کیلئے کام کریں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے تعلیمی ادارے بنائے جائیں جہاں سائنس وٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ کتاب و سنت کی بھی تعلیم دی جائے۔ہمیں بچوں کوعلوم و فنون سکھانے کی طرح انہیں اسلامی شریعت بھی پڑھانی چاہیے تاکہ وہ ذہنی طور پر بیرونی قوتوں کے غلام نہ ہوں اورصحیح معنوں میں امت مسلمہ کی خدمت کر سکیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ ‘سندھ، بلوچستان ودیگر علاقوں میں بلاتفریق رنگ ، نسل اور مذہب انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں لوگوں نے جماعۃالدعوۃ کی ریلیف سرگرمیوں سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا ہے۔ ماضی میں بعض غیر ملکی مشنری ادارے خدمت کی آڑ میں مسلمانوں کے عقیدے و ایمان برباد کرتے تھے لیکن اﷲ کا شکر ہے کہ اب وہ کیفیت نہیں ہے۔ جماعۃالدعوۃ کے رضاکاروں کی کوشش ہوتی ہے کہ دور دراز کے علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کی خدمت کی جائے۔ چند ماہ قبل آنے والے زلزلہ سے متاثرہ چترال اور دیگر علاقوں میں بھی ہمارے رضاکاربھرپور انداز میں امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتوں کو جماعۃالدعوۃ کی ریلیف سرگرمیاں بھی برداشت نہیں ہیں۔ انہیں اس بات سے بھی سخت تکلیف ہے کہ یہ جماعت مسلمانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا ہونے اور دین اسلام کے غلبہ کیلئے اس کی ترویج و اشاعت کی بات کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہمارے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اﷲ کی بہت بڑی نعمت ہے۔

اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام چند عبادات کے مجموعے کا نام نہیں ہے۔ نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ کی طرح مسلمانوں کا ہر عمل کتاب و سنت کے تابع ہونا چاہیے۔نبی اکرم ؐنے اپنی امت کویہ تعلیم دی ہے کہ پوری زندگی کو اﷲ کی عبادت بنانا ہے‘ یہ توحید ہے۔ ہم نے مسلمانوں کو ایک امت بنانا ہے الگ الگ فرقے اور پارٹیاں نہیں بنانیں۔ جب نبیؐ کی دعوت ہوگی توفرقہ واریت ختم ہوجائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں