پنجاب میں ایچ ون ،این ون سیزنل انفلیوئنزا کی صورتحال اور مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

اجلاس میں چیک لسٹ کے مطابق ہسپتالوں میں سیزنل انفلیوئنزا کے مریضوں کے علاج کے انتظامات کی پڑتال کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 جنوری 2016 18:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق او رچیف سیکرٹری خضر حیات گوندل کی زیر صدارت صوبے میں ایچ ون ،این ون سیزنل انفلیوئنزا کی صورتحال اور مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ، سابق سیکرٹری ہیلتھ او رممبربورڈ آف ریونیو جواد رفیق ملک، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر علی جان خان، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فیصل مسعود، DRAPکے نمائندے ڈاکٹر شیخ اختر حسین اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے خصوصا لاہور ،ملتان اور راولپنڈی ڈویژن میں H1,N1 سیزنل انفلیوئنزا کی صورتحال او ر ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ا مجد شہزاد نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سیزنل انفلیوئنزا کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس اور خصوصی کاؤنٹرز موجود ہیں اور ایچ ون، این ون انفلیوئنزا کے علاج میں استعمال ہونے والی ٹامی فلوگولیاں و دیگر ادویات تمام متعلقہ ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔

مزید برآں سیزنل انفلیوئنزا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کو حفاظتی لباس فراہم کئے گئے ہیں اور ان کی ویکسینیشن بھی کروائی گئی ہے۔عوامی آگاہی کے لئے ہسپتالوں میں بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں- سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق انفلیوئنزا کے مریضوں کے علاج اور بیماری پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اورصورتحال کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے-چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے ہدایت کی کہ بیماری کی روک تھام اور مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود نے کہاکہ انفلیوئنزا کی بیماری کو پھیلنے سے روکنے میں کمیونٹی کا کردار بہت اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ پبلک مقامات اور پر ہجوم جگہوں پر جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور خصوصی طو رپر نزلہ زکام کے مریض اجتماعات اور پرہجوم جگہوں پر جانے سے احتیاط برتیں ،ماسک کا استعمال لازمی کریں او رصابن سے ہاتھ دھوئیں ۔

پروفیسر فیصل مسعود نے کہاکہ زیر علاج مریضوں کی تیمار داری کرنے والے افراد بھی ماسک لازمی استعمال کریں اور علاج پر مامور ڈاکٹرز و نرسز حفاظتی کٹ ضرور پہنیں تاکہ بیماری منتقل نہ ہونے پائے ۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو ہدایت کی کہ سیزنل انفلیوئنزا کی روک تھام اور مریضوں کے علاج معالجے کے لئے جاری کئے گئے ایس او پیز کے مطابق تمام ہسپتالوں کے انتظامات کی پڑتال کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں