اولیاء اﷲ کی تعلیمات سے امن وآشتی اورانسانی ہمدردی کادرس ملتاہے،انسانیت کودرپیش مسائل ومصائب کاحل اولیاء کرام کی طرززندگی کواپنانے میں مضمرہے،اولیاء کرام نے انسانیت کوہمیشہ راہ حق پر چلنے کادرس دیا

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ راغب نعیمی کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 23 جنوری 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء)معروف دینی اسکالروناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اولیاء اﷲ کی تعلیمات سے امن وآشتی اورانسانی ہمدردی کادرس ملتاہے۔انسانیت کودرپیش مسائل ومصائب کاحل اولیاء کرام کی طرززندگی کواپنانے میں مضمرہے۔اولیاء کرام نے انسانیت کوہمیشہ راہ حق پر چلنے کادرس دیاہے۔

شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ کی زندگی ہمارے لیے ’’مینارہ نور‘‘کی حیثیت رکھتی ہے،مسلم حکمران تعلیمات اولیاء پرعمل پیرا ہوکرمعاشرے کوانتشار اوربدامنی سے پاک کرسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مکی مسجد بروکلین نیویارک میں منعقدہ دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ شیخ عبدلقادرجیلانی ؓکی ذات میں علوم شریعت وعرفان دونوں جمع تھے۔

(جاری ہے)

آپ ؓ نے لاکھوں لو گوں کوخالق حقیقی کے راستہ پر چلایا۔اولیاء اﷲ نے اپنی ریاضتوں اورمجاہدوں کے ذریعے خالق دوجہاں کواپنے سے راضی کرلیا۔ان کی زندگیاں مسلسل تحریک اورجدوجہدکادوسرانام تھیں۔شیطانی حملوں کااس طرح مقابلہ کیاکہ شریعت کی پاسداری کو بھی آنچ نہ آنے دی اوردوسری طرف علوم و عرفان پربھی کاربندرہے۔ان ہی اولیاء کے سر خیل سلسلہ قادریہ کے بانی شیخ عبدالقادرجیلانیؓبھی تھے۔

تصوف کے راستہ کی رکاوٹوں کوبہترین اندازسے دورکیا۔اﷲ تعالیٰ کی رضاکے حصول کے لئے برسوں صحرانوردی کی اوربیابانوں وجنگلوں میں وقت گزارا۔خلق خداکی رہنمائی کے لئے جب حکم ر بانی ہواتومدرسہ بغداد میں جلوہ اراء ہوئے۔حضور اکرمﷺکے لعاب مبارک سے فیض یافتہ ہوئے توزبان کی تمام گرہیں کھل گئیں۔اورآپؓ کاوعظ عرب وعجم میں مشہور ہوگیا۔آپؓ کی محافل میں ایک وقت میں70-70ہزارافراد موجود ہوتے ۔

سینکڑوں علماء کرام آپؓ کے وعظ کوتحریرکرتے اورفیض یاب ہوتے تھے۔شیخ عبدالقادر جیلانیؓ نے تصوف کو نئی جلابخشی اوردین کوزندہ کیا۔اسی لیے آپؓ کومحی الدین کے لقب سے یاد کیاجاتاہے۔91سالہ زندگی میں آپؓنے سیرت مصطفی پر عمل کرکے ثابت کردیاکہ حقیقتاًیہی طریقہ اﷲ تعالیٰ کی رضاپانے کاہے۔آپؓکی محفل مسلم وغیرمسلم تمام کے لئے تھی۔آپ نے ثابت کردیاکہ اولیاء اﷲ کااصل کام معاشرے میں امن وامان،عدل وانصاف،اخوت وبھائی چارے اورالفت ومحبت کی فضاء قائم کرناہے۔اس موقع پر مکی مسجدکی انتظامیہ،مقامی دینی اسکالرز،علماء کرام اورعوام الناس کی کثیرتعداد موجودتھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں