انتہاپسندی پرویزالٰہی اور ان کے سرپرست کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کا نتیجہ ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت

حکومت کے خلاف الائنس بنانے کی گیدڑ بھبھکی دینے والوں کی سیاست ماضی کا قصہ بن چکی ہے، میٹروبس کے بعد اورنج لائن پراجیکٹ کے آغاز کی وجہ سے سیاسی مخالفین بغلیں جھانک رہے ہیں‘ زعیم قادری کا پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی پرویزالٰہی اوران کے سرپرست کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران کا دور حکومت ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دور لکھا جائے گا۔

جب معاشرے میں انتہاپسندی پنپنے کا موقع ملا اور بدترین پالیسیوں کی وجہ سے وطن عزیز دنیا میں نشانہ بن کر رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف الائنس بنانے کی گیدڑبھبھکی دینے والے کی سیاست ماضی کا قصہ بن کر رہ گئی ہے۔ عوام نے انتخابات میں ق لیگ کو بری طرح مستردکر کے دیوار کے ساتھ لگا دیا ۔ حتیٰ کہ چوہدری برادران اپنے آبائی حلقوں سے بلدیاتی الیکشن بھی جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

زعیم قادری نے کہا کہ میٹروبس کی کامیابی کے بعد اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے آغاز کی وجہ سے پرویزالٰہی سمیت تمام سیاسی مخالفین بغلیں جھانک رہے ہیں۔زعیم قادری نے کہا حکومت پنجاب نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور میسر وسائل کے ساتھ دہشت گردوں کا پیچھا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ قومی ایشو ہے جس پر سیاست کرنا شرم ناک اور قابل مذمت امر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں