نفری پوری کرنے کیلئے پولیس افسران کے دفاتر سے 400سے زائد اہلکار واپس لیکر انہیں تھانوں میں بھجوانے کا حکم

دفاتر سے اضافی اہلکاروں کو فوری طور پر پولیس لائن میں واپس بھجوایا جائے تاکہ وہ شہریوں کے جان مال اور عزت کے تحفظ کیلئے اپنا بنیادی کردار ادا کریں‘ سی سی پی او لاہور امین وینس کی ہدایت

ہفتہ 23 جنوری 2016 20:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے تھانوں میں نفری پورا کرنے کیلئے پولیس افسران کے دفاتر سے 400سے زائد پولیس اہلکار واپس لے کر انہیں تھانوں میں بھجوانے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ انہوں نے ڈی آجی آپریشنز و انوسٹی گیشن اور وی وی آئی پی سیکورٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دفاتر سے اضافی اہلکاروں کو فوری طور پر پولیس لائن میں واپس بھجوائیں تاکہ دفاتر میں ضرورت سے زائد کام کرنے والے اہلکاروں کویہاں سے تبدیل کرکے تھانوں میں تعینات کیا جا سکے تاکہ وہ شہریوں کے جان مال اور عزت کے تحفظ کیلئے اپنا بنیادی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی دفاتر کی بجائے فیلڈ میں ذیادہ ضرورت ہے لہذا پولیس افسران کو چاہیے کہ وہ دفاتر میں پولیس اہلکاروں پر کم سے کم انحصار کرنے کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ذیادہ سے ذیادہ کام خود انجام دینے کی سعی کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نہوں نے آج اپنے دفتر میں لاہور پولیس کے آپریشنز و انوسٹی گیشن اور وی وی آئی پی سیکورٹی ونگز کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلطان چوہدری ، ڈی آئی جی و ی وی آئی پی سیکورٹی محمد ادریس ، ایس ایس پی ایڈمن زاہد محمود گوندل ، کے علاوہ تمام ڈویژنل ایس پیز آپریشنز و انوسٹی گیشن ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعید ، ایس پی سی آر او اور سی سی پی او آفس ، آپریشنز و انوسٹی گیشن اور وی وی آئی پی سیکورٹی کے اسٹبلشمنٹ برانچز کے انچارج صاحبان بھی موجود تھے سی سی پی او نے ایس پی انوسٹی گیشن ماڈلٹاؤن فیصل مختار کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ تعمیلی و پیروی افسروں کے علاوہ نائب کورٹس کی ڈیوٹی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ تیار کریں تاکہ یہاں سے بھی اضافی پولیس اہلکاروں کو واپس لے کر انہیں بھی تھانوں میں تعیناتی کیلئے بھجوایا جائے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز و ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور وی وی آئی پی سیکورٹی کو ہدایات دیتے ہوئے سی سی پی او نے کہا کہ آپ اس بات کو خود یقینی بنائیں کہ آپ کے زیر انتظام کام کرنے والے تمام پولیس افسران کے دفاتر میں بھی کم سے کم اہلکارتعینات رہیں اور اضافی اہلکاروں کو فوری طور پرپولیس لائنز تبدیل کر دیا جائے تاکہ یہاں ان کومختلف تھانوں میں تعینات کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں