نئے صوبوں کے قیام سے پاکستان کمزور نہیں بلکہ مضبوط و مستحکم ہو گا ،ملک میں جاگیردارانہ نظام کے سبب تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تقدیر کے فیصلے موروثی سیاستدان کر رہے ہیں

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی، خالد اعوان کا ضلعی عہدیداران کے اجلاس میں اظہار خیال

ہفتہ 23 جنوری 2016 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جنوری۔2016ء)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے پاکستان کمزور نہیں بلکہ مضبوط و مستحکم ہو گا کیونکہ کسی بھی ملک کی آبادی بڑھنے پر نئے یونٹ بنائے جاتے ہیں تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بہتر انداز سے چلایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پنجاب ہاؤس لاہور میں ایڈہاک کمیٹی سینٹرل پنجاب، ضلع ننکانہ صاحب ، ضلع شیخوپورہ ، ضلع نارروال اور ضلع قصور کی کمیٹیوں کے عہدیداران کے اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے جوائنٹ انچارج خالد اعوان ، رکن کمیٹی مرزا ندیم بیگ و اراکین ایڈہاک کمیٹی اور دیگر ضلعی عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ غریب و متوسط طبقے کے عوام متحد ہو کر اس ظالم سماج اور کرپٹ سسٹم کو شکست دینے اور پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنی عملی جدوجہد کا آغاز کریں۔

اس موقع پر خالد اعوان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاگیردارانہ نظام کے سبب تعلیم یافتہ اور با شعور نوجوانوں ملک کے اعلیٰ ایوانوں میں نہیں جا سکتے اور انکی تقدیر کے فیصلے موروثی سیاستدان کرتے ہیں لیکن ایم کیو ایم ملک کی واحد جماعت ہے جس کے لیڈر نے نہ صرف خود کبھی انتخابات میں حصہ نہ لیا اور نہ ہی کبھی اپنے بھائی ، بھتیجے ، بھانجے یا خاندان کے کسی فرد کو الیکشن میں کھڑا کیا۔ اس موقع پر لاہور سمیت دیگر اضلاع میں تنظیمی و تحریکی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کیلئے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں