لاہور ٗبھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کا چھاپوں اور گرفتاریوں کیخلاف تین روزہ ہڑتال کااعلان

24سے 26جنوری تک بھٹوں اور اینٹوں کی فروخت بند رکھی جائے گی ،شعیب خان نیازی

اتوار 24 جنوری 2016 16:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء) آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن نے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف تین روزہ ہڑتال کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے تحفظات دور نہ کئے گئے تو کاروبار بندکرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر محمد شعیب خان نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر کو گناہ سمجھتے ہیں لیکن فیلڈ افسران اپنی تعداد پوری کرنے کیلئے بے بنیاد مقدمات کااندراج کر کے گرفتاریاں اور بھٹے سیل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے جاری کئے جانے والے آرڈیننس کے مخالف نہیں بلکہ اسے خوش آئند قرار دیتے ہیں لیکن اس کی کچھ شقوں پر شدید تحفظات ہیں۔کام کرنے والے مزدوروں کے خاندان بھٹوں پر رہتے ہیں ان کے بچوں کو ہم کس طرح وہاں سے باہر نکال سکتے ہیں ۔اگر بچے بھٹوں پر کھیل بھی رہے ہوں توفیلڈ افسران انہیں زبردستی اینٹ پکڑا کر تصاویر بنا لیتے ہیں او رمقدمات کا اندراج کرایاجارہا ہے ۔چھاپوں، گرفتاریوں اور بھٹوں کو سیل کرنے کیخلاف 24سے 26 جنوری تک صوبہ بھر میں بھٹے بند کر کے اینٹوں کی فروخت بھی بند رکھی جائے گی ۔ اگر اس کے باوجود ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو پھر کاروبار بند کر دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں