پی ایس ایل ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے کھلاڑیوں کی بہترین ٹریننگ کا پلیٹ فارم ثابت ہوگی، نجم سیٹھی

پیر 25 جنوری 2016 13:34

پی ایس ایل ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے کھلاڑیوں کی بہترین ٹریننگ کا پلیٹ فارم ثابت ہوگی، نجم سیٹھی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پی ایس ایل کھلاڑیوں کی بہترین ٹریننگ کا پلیٹ فارم ثابت ہوگی اوردنیا دیکھے گی کہ پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل کے بعد سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ ہے ،مستقبل قریب میں پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ روزنجم سیٹھی نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں بتایا کہ سابق چیئرمین پی سی بی بھی پاکستان سپر لیگ کرانے کی سوچ رکھتے تھے جنہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ٹورنامنٹ کو بھرپورکوشش کے باوجود نہ کراسکے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تیسری مرتبہ منسوخ ہوتی تو پھرکبھی اس ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں کیا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کرانے کیلئے اتنی بھاگ دوڑ کی کہ ان کا وزن بھی بیس پونڈ کم ہوگیا۔

انہوں نے بتایاکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز، مینجمنٹ اور پی ایس ایل کمیٹی نے مشورہ دیا تھا کہ وہ یہ پروجیکٹ چھوڑ دیں جو کامیاب نہیں ہو گا مگر وہ ڈٹے رہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پی ایس ایل کیلئے تین سو تیس کھلاڑی منتخب کئے جس میں سے نصف غیر ملکی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان سپر لیگ بہترین ٹریننگ کیمپ ثابت ہوگی اور مستقبل قریب میں لیگ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا بھی ارادہ ہے۔

محمد عامرکے حوالے سے انہوں نے کہاکہ فاسٹ بالر کی بحالی کیلئے ان کا بھی کردار ہے۔ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پی سی بی میں کام کرنا پڑے گا، پی سی بی میں ایک چڑیا سے کام نہیں چلتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں آنے کا مقصد الیکشن کراکے نیا آئین بنانا تھا لیکن یہاں آکر دیکھا کہ پی سی بی میں بہت گند موجود ہے۔ پہلے ٹیم سلیکشن میں سمجھوتے ہوتے تھے جو ختم کردیئے گئے ہیں، اب سلیکشن کمیٹی میں پچانوے فیصد پروفیشنل ازم آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے ہر کھلاڑی کی الگ مانگ ہوتی ہے۔ خواہش ہے کہ وہ جب پی سی بی سے جائیں تو لوگ انہیں یاد کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں