چائلڈ لیبر کا خاتمہ مشن ہے‘ زعیم حسین قادری

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 25 جنوری 2016 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جنوری۔2016ء ) ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بھٹہ مزدور بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی مشن ہے،حکومت پنجاب بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کی ممانعت کے آرڈیننس 2016ء پر عملدر آمدہر صورت یقینی بنائے گی اوراگلے تین ماہ میں بھٹہ مزددوربچوں کے سرکاری سکولوں میں تعلیم یقینی بنائے گی،بھٹہ مالکان با شعور پاکستانی ہونے کے ناطے ہڑتالوں کی بجائے چائلڈ لیبرکے خاتمے اور تعلیم کے ذریعے بھٹہ مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کا ساتھ دیں، حکومت پنجاب نے چائلڈ لیبر آرڈیننس کی تشکیل میں بھٹہ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کو اعتماد میں لیاتھاجس کے بعدہڑتال کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ،خلاف ورزی پر اب تک2517 بھٹہ جات پر چائلڈ لیبر کے500 کے قریب کیسز سامنے آنے پر498 بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج،472 بھٹہ مالکان گرفتار جبکہ 201 بھٹہ خشت کو سیل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

یہان پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبھر کے تمام بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے ناسور کے خاتمے کے لئے بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کے ساتھ کوئی راعیت نہ برتی جائے۔یہی وجہ ہے کہ ڈی سی اوز،ڈی پی اوز،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اداروں کے ارکان پر مشتمل ٹیمیں بلاناغہ بھٹہ خشت کی چیکنگ عمل میں لارہی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان اور ذمہ داران افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ آرڈیننس کی خلاف ورزی پر بھٹہ سیل،50 ہزار روپے سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ جبکہ 6 ماہ قید کی سزا بھی دی جاسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کی شکایات درج کرانے کے لئے 0800-55444ہیلپ لائن قائم کی ہے جس پرموصول ہونے والی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ کوئی بھی شہری اپنے اردگرد ایسے بھٹوں پر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف شکایات درج کروا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے آرڈیننس اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کے لئے ترغیب دینے کے لئے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا جس کے تحت بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو سکول داخل ہونے پر انہیں مفت تعلیم،کتابیں،کاپیاں ،یونیفارم کے علاوہ علاوہ فی بچہ ایک ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے سہ ماہی وظیفہ نئے تعلیمی سیشن سے جبکہ والدین کو بچہ سکول داخل کروانے پر دو ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو بعض بھٹہ مالکان کی طرف سے پیشگی کی صورت میں استحصال کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے بھٹوں پر تحریری شکل میں کنٹریکٹ ملازمت اور صرف چھ ماہ کی تنخواہ بطور ایڈوانس لینے کی پابندی کا قانون بھی متعارف کروایا گیا ہے ۔سید زعیم حسین قادری نے بتایا کہ پنجاب کے مجموعی طور پر 6090بھٹوں پر سکول نہ جانے والے پانچ سے چودہ سال کے بچوں کی تعداد23642تھی جن میں سے 22368بچوں کو محکمہ لیبر نے لٹریسی ،سکول ایجوکیشن ،لوکل گورنمنٹ و دیگر اداروں کے تعاون سے بھٹوں سے قریبی سکولوں میں داخل کروایاہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے حکم پر صوبہ بھر کی انڈسٹریل اسٹیٹس کی آن لائن انسپکشن مکمل کی جا چکی ہے جس کے لئے جدید انڈرائڈ فون ٹیکنالوجی استعمال میں لائی گئی تا کہ مستند اور شفاف ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ بھٹوں پر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس سے بھٹہ مزدوروں اور مالکان کو بذریعہ اشتہارات و سیمینار آگاہ کیا گیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کی کامیابی کے بعد دائرہ کار گھریلو ملازمین اور دیگر مقامات پر کام کرنے والے بچوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں