حکومت سے تعاون کرینگے مگر کاروباری برادری کے مفادات کی حفاظت اولین ترجیح ہے‘عبدالراؤف عالم

انرجی بیوروکریسی سست ہو گئی ہے، احتساب کے فقدان سے مسائل بڑھ رہے ہیں‘صدر ایف پی سی سی آئی

پیر 25 جنوری 2016 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ کاروباری برادری نے گزشتہ ایک سال میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کیا ہے جو جاری رکھا جائے گا مگر کاروباری برادری کے مفادات کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور رہے گی،اقتصادی استحکام کے بعد اب معاشی پالیسیوں کا رخ اقتصادی بڑھوتری کی طرف کرنے کا وقت آ گیا ہے تاکہ برامدات، حکومتی آمدنی اور روزگار میں اضافہ ہو سکے،چند دن میں نیشنل گرڈکے دو بار ٹرپ ہونے سے ملکی کا اکثریتی علاقہ تاریکی میں ڈوب گیااور عوام و کاروباری برادری بری طرح متاثر ہوئے جس سے انرجی بیوروکریسی کی سستی اور احتساب کے فقدان کا پتہ چلتا ہے،توانائی کے نئے منصوبوں کے ساتھ موجودہ انفراسٹرکچر کی مرمت اور اپ گریڈیشن کو بھی ترجیح دی جائے۔

(جاری ہے)

عبدالرؤف عالم نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی سیکرٹری جنرل زبیر طفیل کی جانب سے یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک، سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور دیگر کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیوں کی کامیابی کیلئے کاروباری برادری سے مشاورت بہت ضروری ہے۔زرمبادلہ کے ذخائر، شرح نمو اور جاری اکاؤنٹس کے خسارے اور مینوفیکچرنگ کی صورتحال بہتر ہے تاہم سرکاری کمپنیوں میں اصلاحات اور ٹیکس بڑھانے کی صورتحال اطمینان بخش نہیں۔

ملکی ٹیکس پوٹینشل جی ڈی پی کا بائیس فیصد ہے جبکہ اس میں گیارہ فیصد کی کمی ہے جو ختم ہونے پر ملک کسی قرضے یا امداد کا محتاج نہیں رہے گا۔تیل کی عالمی قیمتیں تیس سال کی کمترین سطح پر ہیں اسلئے اسکا فائدہ عوام کو پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کاروباری برادری کی خدمت جاری رکھے گی اور انھیں عبدالرؤف عالم اور انکی ٹیم پر فخر ہے۔ٹی ڈے اے پی سے کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب برامدات بڑھانے پر توجہ بڑھا دی گئی ہے۔ زبیر طفیل نے کہا کہ عبدالرؤف عالم اپنی صلاحیتوں کو کاروباری برادری کی خدمت کیلئے وقت کر یں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ریفنڈ کا معاملہ حل کیا جائے اور پلانٹس و مشینری کی ڈیوٹی فری درامد یقینی بنائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں