آرمی چیف کا بیان خوش آئند ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کی گیند اب حکومت کے کورٹ میں ہے ‘عبدالعلیم خان

وزیر اعظم کا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کا اعتراف چشم کشا ہے ،عسکری اداروں کی قربانیاں لا زوال ہیں ‘مرکزی رہنماء پی ٹی آئی

پیر 25 جنوری 2016 21:18

لاہور ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان خوش آئند امر ہے جس سے نہ صرف افواہوں نے دم توڑ دیا ہے بلکہ اب دہشت گردی کے خاتمے کی گیند بھی حکومت کے کورٹ میں چلی گئی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کا اعتراف چشم کشا ہے جس سے نواز لیگ کی نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی پراپیگنڈہ کے برعکس پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خلاف ہونے والے اقدامات میں اپنا وہ کردار ادا نہیں کیا جن پر نیشنل ایکشن پلان میں اتفاق ہوا تھا جبکہ عسکری اداروں کی لازوال قربانیاں سب کے سامنے ہیں جبکہ حکومت محض خبروں اور پراپیگنڈے سے کام چلا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دہشتگردی کی کاروائی کسی بھی جگہ ہو وہ ہم سب کیلئے یکساں قابل تشویش ہے لیکن بعض وزراء ان حساس معاملات پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کواب جواب دینا چاہیے کہ نیکٹا کی تشکیل سے لے کر جنوبی پنجاب کے سرچ آپریشن تک کیا کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ؟۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کے اعلان سے عوام کی نظر میں اُن کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت کی طرف زیادہ سوالیہ نظروں سے دیکھا جائے گا کہ حکمران اب اپنے آپ کوکیسے بری الذمہ قرار دیتے ہیں ؟

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں