تعلیمات اولیاء کرام پر عمل پیراہوکر دنیا سے دہشتگردی کاخاتمہ کیا جاسکتاہے‘غوث الاعظم کانفرنس

اولیاء کرام نے اپنے عقیدت مندوں کواخوت وبھائی چارے،الفت ومحبت،باہمی رواداری اور احترام انسانیت کادرس دیا‘ڈاکرراغب نعیمی ودیگر کا کانفرنس سے خطاب

پیر 25 جنوری 2016 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) ممتاز مذہبی اسکالروناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاکہ تعلیمات اولیاء کرام پر عملی پیراہوکر دنیا سے دہشتگردی کاخاتمہ کیا جاسکتاہے۔ اولیاء کرام نے اپنے عقیدت مندوں کواخوت وبھائی چارے،الفت ومحبت،باہمی رواداری اور احترام انسانیت کادرس دیا۔

مزارات اولیاء کرام رشدوہدایت کے سرچشمہ اورروحانیت کے مراکز ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے امریکی ریاست نیوجرسی کے شہرجرسی میں مسلم فیڈریشن مسجدمیں منعقدہ ’’غوث الاعظم کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے دیگردینی اسکالر نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں محترم جناب سیف الرحمن،ڈاکٹر فاروق چودھری،مولاناحافظ عمر،حافظ عزیر احمد، ڈاکٹر ارشد علی چٹھہ سمیت ا ہل محبت کی کثیر تعد اد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمد راغب نعیمی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ اولیاء کرام کے ماننے والوں کی زندگیاں امن اورسلامتی ،صبر و برداشت، عفو و درگزر اور رواداری سے عبارت ہیں۔ مزارات اولیاء اﷲ سے ہمیشہ انسانیت کو احترام انسانیت کادرس دیا گیا۔اولیاء کر ام نے ظلم کی تاریکیوں میں پسے افراد کو سیدھی راہ دکھائی اورامن محبت بھائی چارگی کی تعلیم دی۔

شیخ عبدلقادر جیلانی ؓ کی پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے وقف تھی۔آ ج شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ کے فلسفہ امن ومحب کواپنا کرمعاشرے سے نفرتوں کاخاتمہ کیا جاسکتاہے ۔شیخ عبدالقادر جیلانی نے حق کے ر استے پر چلنے کی تعلیم دی۔ غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐ کی شریعت مطہر ہ کو زندہ اور روشن کیا۔

آپ کا اسم گرامی عبدالقادر لقب محی الدین کنیت ابو محمد اور عرفیت غوث اعظم ہے۔والد کا نام سید ابو صالح موسیٰ جنگی اور والدہ کا نام ام الخیر امۃالجبار فاطمہ بنت سید عبد اﷲ الصومعی الزاہد تھا۔ شیخ عبدالقادر جیلانی مادر زاد ولی تھے۔ شیخ عبدالقادر جیلانی ؓ نے لاکھوں گناہ گاروں کو گناہ کی تاریکیوں سے نکال کر ہدایت اور نیکی کی روشن منز ل تک پہنچایا۔شیخ عبدالقادرجیلانی ؓ نے اپنی حیات مبارکہ میں رشد و ہدایت،اصلاح خلق اور اعلائے کلمتہ اﷲ کے لئے کام کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں