شہنشاہ پنجاب صحت کے بجٹ کو اورنج ٹرین پر لگارہے ہیں،میاں محمودالرشید

سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کومفت ادویات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں،قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 26 جنوری 2016 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 جنوری۔2015ء) اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے میو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین اور میاں میر ہسپتال کو مکمل فعال کرنے کیلئے پنجاب کے تاجروں اور مخیر حضرات سے مدد مانگ لی۔ میاں میر ہسپتال کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ لاہور سمیت پورے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولتوں کا فقدان ہے کہیں ایک ایک بیڈ پر دو، دو مریض ہیں، کہیں مریضوں کومفت ادویات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، کہیں ایم آر آئی مشین نہیں۔

گزشتہ ایک مہینے سے حکومت کی توجہ سرکاری ہسپتالوں کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت کے سر جوں تک نہ رینگی، انہوں نے کہا کہ اب ہسپتالوں کی حالت مخیر حضرات کے تعاون سے بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

محمودالرشید نے کہا کہ حکومت عمارت مکمل ہونے کے باوجود میاں میر ہسپتال کو مکمل فعال نہیں کر رہی، اتنے بڑے ہسپتال میں صرف اوپی ڈی میں مریض دیکھے جا رہے ہیں، ہسپتال میں ایمرجنسی نہیں، آپریشن تھیٹر اور ضروری طبی ٹیسٹوں کی سہولت نہیں۔

ایسے حالات میں صوبے میں صحت کی ایمرجنسی لگانے کی بجائے شہنشاہ پنجاب صحت کیلئے مختص بجٹ میں سے بھی اورنج ٹرین پر لگارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن عددی اعتبار سے چھوٹی ضرور ہے لیکن حکومت یاد رکھے یہ پنجاب کی10کروڑ سے زائد آبادی کی نمائندہ ہے، متحدہ اپوزیشن کسی صورت تعلیم، صحت اور صاف پانی کے فنڈز سڑکوں پلوں پر خرچ نہیں ہونے دیگی اگر حکومت نے بنیادی انسانی حقوق پر ڈاکہ ڈالا تو عدالت سے رجوع کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں