لاہور چیمبر کا پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیوں اور مشکلات کے متعلق رپورٹ کی تیاری کا کام خوش آئند ہے،صوبائی وزیر خزانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جنوری 2016 21:03

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جنوری۔2016ء) وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیوں اور مشکلات کے متعلق رپورٹ کی تیاری کے کام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر الماس حیدر سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر معاشی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کو آگے بڑھارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب ورلڈ بینک کے اشتراک سے صوبے میں معاشی اصلاحات پر کام کررہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ملک کی معاشی صورتحال اور پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر کو آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت پنجاب تجارت و سرمایہ کاری کا مرکز اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی اوّلین ترجیح بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ معیار میں بہترین ہونے کے باوجود زیادہ پیداواری لاگت کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں اپنا مقام کھورہی ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کی جانب رپورٹ کی تیاری کا مقصد معاشی معاملات کی بہتری میں حکومت کی مدد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رپورٹ میں معیشت کے تمام شعبوں کااحاطہ کیا جائے گا اور تکمیل کے بعد یہ رپورٹ و زیراعظم اور سرکاری محکموں کو پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں تاجروں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہذا انہیں ہر ممکن سہولیات مہیا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لیے وافر اور سستی بجلی ناگزیر ہے لہذا حکومت آبی وسائل کی بہتری اور ان سے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے اور پانی کے بڑے ذخائر کی تعمیر کے لیے وافر فنڈز مختص کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں