لاہور،اورنج لائن ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے ایوارڈ کا اعلان

معاوضے کی ادائیگی کیلئے جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے سمن آباد میں مالکان کو تین ہفتے سے اپنی مدد آپ کے تحت دکانیں خالی کرنے کی اپیل

بدھ 27 جنوری 2016 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کا معاوضہ ادا کرنے کیلئے ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ان کے مالکان کی طرف سے ملکیتی دستاویزات مہیا کرنے پر انہیں دو روز بعد ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا -شہریوں کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے تین مقامات جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے - جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت نہ رکھنے والے افراد کی دستاویزات کی تصدیق کے بعدانہیں بھی معاوضہ ادا کر دیا جائے گا ‘ اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر بورڈآف ریونیو میں ان دستاویزات کی تصدیق کیلئے ہرہفتے دو مرتبہ خصوصی اجلاس منعقد کئے جائیں گے- سمن آباد کے علاقے میں اورنج لائن کے روٹ میں آنے والی دکانوں کے قابضین کو مسلسل تین ہفتے سے یہ اپیل کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت یہ دکانیں خالی کر دیں اور معاوضہ کے ایوارڈ کے اعلان کے بعد اپنی زمین اور سٹرکچر کی قیمت وصول کر لیں مگر ان کی طرف سے مطلوبہ تعاوان حاصل نہ ہو سکا - گزشتہ روز ان افراد کے ایک وفد کو ایل ڈی اے کے دفتر میں مدعو کر کے انہیں معاوضہ حا صل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کر دیا گیا -انہیں بتایا گیا کہ ان کے سٹرکچر کا معاوضہ فوری طور پر ادا کیا جائے گا جبکہ زمین کا معاوضہ دستاویزات کی بورڈ آف ریونیو سے تصدیق کے بعد بلا تاخیر ادا کر دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں