سیف گیمز 5فروری سے بھارت میں شروع ہونگے

ایک ماہ تک جاری رہنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ ٹرائلز کے بعد ٹیم کا انتخاب کیا ، باسکٹ بال فیڈریشن

جمعرات 28 جنوری 2016 17:20

سیف گیمز 5فروری سے بھارت میں شروع ہونگے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) بھارت میں 5 فروری سے شیڈول سیف گیمز کے لیے قومی ویمنز باسکٹ بال ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا، فیڈریشن نے ایک ماہ تک جاری رہنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ ٹرائلز کے ذریعے لیا اوربعدازاں 12 رکنی ٹیم منتخب کی۔ جس میں باصلاحیت نتاشہ نثار علی بھی شامل ہیں جو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی صاحبزادی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کی مایہ ناز فٹبالر حاجرہ خان کوبھی رکھا گیا ہے، ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری ثنا محمود کوسونپی گئی ہے۔

پاکستانی کھلاڑی پہلے انٹرنیشنل ایونٹ میں تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ٹیم کی کپتان ثنامحمود کا کہنا ہے کہ میزبان بھارتی ٹیم کے سا تھ سخت مقابلے کی امید ہے تاکہ ہم نے جس انداز سے تیاری کی ہے امید ہے کہ اسے بھی زیر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وہ کیمپ میں اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے مطمئن ہیں، کھلاڑیوں نے بھی سخت محنت کی ہے۔

دوسری طرف حاجرہ خان نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ فٹبال کے بعد باسکٹ بال میں بھی انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کریں، ٹیم میں شامل ہونے پر انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، فٹبال کی طرح باسکٹ بال میں بھی پاکستان کے لیے بڑے کارنامے سرانجام دینے کی کوشش کروں گی۔واضح رہے کہ قومی ویمنزباسکٹ بال ٹیم 20 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کریگی، اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 1995میں پہلی اور آخری بار اسلامک گیمز میں حصہ لیا تھا، اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں ثنامحمود (کپتان)، ماہ روخان، کائنات ظفر، پامیلا، سحرش، حاجرہ خان ، سمیعہ، وجیہہ، نتاشہ نثار علی، معصومہ، زارا اور امینہ کو رکھا گیا ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں