اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن کی کاروائی ٹونی موٹر سائیکل چور گینگ کے 2 ملزم گرفتار ،35موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد

جمعرات 28 جنوری 2016 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء ) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ٹونی موٹر سائیکل چور گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی 35موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر لاہور کی سپیشل ٹیمیں دن رات جرائم پیشہ افراد کے خلاف سر گرم عمل ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف اویس ملک کو موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ۔ جنہوں نے ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں انچارج اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ بشارت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے ٹونی موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ عثمان علی عرف ٹونی اور اس کے ساتھی سلطان احسن عرف ڈہلو کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی لاکھوں روپے مالیت کی 35موٹر سائیکلیں ، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ شمالی چھاؤنی، جنوبی چھاؤنی، ڈیفنسA،ماڈل ٹاؤن، مصطفی آباد، فیکٹری ایریا، لیاقت آباد، اچھرہ، نشتر کالونی، ہربنس پورہ، مغلپورہ، غازی آباد، ساندہ، سول لائنز اور اقبال ٹاؤن کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ جبکہ ملزموں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں