پنجاب میں سردی کے بہانے سکولوں کی بندش حکومت کی ناکامی ہے، تعلیمی ادارے بند کر نے سے دہشت گردوں کے مذموم ایجنڈے کوتقویت ملے گی‘پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک کابیان

جمعہ 29 جنوری 2016 17:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پنجاب میں سردی کے بہانے سکولوں کی بندش حکومت کی ناکامی ہے، تعلیمی ادارے بند کر نے سے دہشت گردوں کے مذموم ایجنڈے کوتقویت ملے گی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں محمد جمیل نے کہا سردی کے بہانے سکولوں کی بندش سے پنجاب حکومت کے گڈ گورنس کے دعووں کا پول بھی کھل گیاہے،حکومت کو قوم سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے تھا اگر سیکیورٹی معاملات کو بہتر بنانا تھا تو سردی کا ڈھونگ نہ رچایا جاتا ،اس سے حکمرانوں کی مزید بدنامی ہوئی ہے، تعلیمی اداروں کی بندش دہشت گردی کو روکنے میں مؤثر ثابت نہیں ہوسکتی،حکمران بار بار جھوٹ بول کر خود ہی عوام کی نظروں میں گر رہے ہیں،حکومت کے پاس مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے باعث والدین اور انکے زیر تعلیم بچے سخت ذہنی اذیت سے دوچار ہیں ،مناسب ہوتا اگربچوں کی فیسوں میں بھی کمی کا اعلان کرد یاجاتا،انہوں نے مزید کہادہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورحکمرانوں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ احمقانہ فیصلوں کی بجائے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا مؤثر کردارادا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں