جنرل مشرف الیکشن نہیں سلیکشن کی باتیں کر رہے ہیں ‘ڈرے ہوئے حکمران نواز‘بے نظیر کو واپس آنے سے روکرہے ہیں ۔ تہمینہ دولتانہ

منگل 16 جنوری 2007 17:04

پیرمحل(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16جنوری2007 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) و اے آر ڈی کی سینئر نائب صدر تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اے پی سی میں مشرف ہٹاؤ کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔فوجی حکمرانوں نے بلوچستان کے 20محب وطن رہنماؤں کو پابند سلاسل کررکھا ہے اکبر بگٹی کے قتل سے بلوچستان بھر میں پاکستان مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں ۔وہ گزشتہ روز پیرمحل میں رہائشگاہ ممتاز دولتانہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔

تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ اپنے آپ کو بہادر جاننے والا فوجی حکمران میرے طیارے کو اسلام آباد سے سے پشاور کا رخ موڑ کر اپنی بہادری کا بھرم نہیں رکھ سکتا ۔پاکستان 14کروڑ عوام کا ہے لیکن اس پر ڈنڈے کے زور پر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے مصداق چند لوگ قابض ہیں ۔

(جاری ہے)

میں نے جمہوریت کی بحالی کی خاطر 9 دفعہ جیل دیکھی جمہوریت کی بحالی کے لیے سومرتبہ بھی جیل جانے کے لیے تیار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ آمر حکمرانوں نے مجھے وزارت کی پیشکش کی میاں نواز شریف کو پیشکش کی کہ میاں شہباز شریف کو حکومت میں لے لیتے ہیں مگر ہماری جماعت نے ملک بنایا تھا یہی ملک بچائے گی آج حالات بنگلہ دیش مغربی پاکستان کی طرف جارہے ہیں ۔سپریم کورٹ پر حملہ کے بارے میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ پر حملہ نہیں کیاگیا تھا یہ کارکنوں کا ردعمل تھا کونساوزیراعظم ہے جس نے عدالت کے کٹہرے میں کھڑا ہوکر اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کیا صر ف میاں نوازشریف ہی نے یہ روایت قائم کی جوکہ انصاف کی بالا دستی کی زندہ مثال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف الیکشن نہیں سلیکشن کی باتیں کر رہے ہیں وہ خود ملک کے کونے کونے میں جاکر (ق) لیگ کو ووٹ دینے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ڈرے ہوئے حکمران میاں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو کو واپس آنے سے روک رہے ہیں اگر حکمرانوں نے واقعی صاف الیکشن کروانے ہے تو پھرتمام رہنماؤں کو وطن واپس آنے دیا جائے ۔مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی کے استعفوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے استعفے اپنی اعلیٰ قیادت کے سپرد کیے ہوئے ہیں مگر ہماری جماعت کا خیال ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر اس اقدام کواٹھانا چاہیے تاکہ مثبت ردعمل نکل سکے ۔

اس موقع پر پیرمحل یوتھ ونگ کے صدر میاں اسد حفیظ ،چوہدری شاہد آرائیں عبدالرحمن نوہانہ ،مہر الطاف سرگانہ فیصل کاٹھیہ، خرم جیلانی سرگانہ امان اللہ ہراج ناظم ،محمد اشتیاق میو بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

پیر محل میں شائع ہونے والی مزید خبریں