ملک کو اہل اور دیانتدار قیادت دینے کیلئے عوام برداری، لسانی، علاقائی ازم سے بالاتر ہو کر ووٹ کا استعمال کریں، جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد ، خود مختار ترقی یافتہ اور ایک باوقار ملک بنائے گی،جماعت اسلامی کے ا میدوار این اے 94رانا ارشاد انور کا خطاب

اتوار 14 اپریل 2013 22:10

پیر محل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14اپریل۔ 2013ء) جماعت اسلامی کے ا میدوار این اے 94رانا ارشاد انور نے کہا ہے کہ عوام برادری ازم لسانی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ووٹ دیں گے تو ملک کو اہل ، دیانتدار ، خادم عوام اور مخلص قیادت میسر آ جائے گی ۔ جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد ، خود مختار ترقی یافتہ اور ایک باوقار ملک بنائے گی ۔

خود انحصاری کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں گے ۔ شرح خواندگی کو پانچ سال میں سو فیصد کردیں گے۔ خواتین کو ہر قسم کا تحفظ ملے گا ۔ پرائمری تعلیم کے لیے خواتین اساتذہ کو ترجیح دی جائے گی ۔ اتوار کو انتخابی مہم کے دوران ڈاکٹر ندیم کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ کرپشن او ر قومی وسائل کی لوٹ مار ہے ۔

(جاری ہے)

پانچ سال تک حکومت میں رہنے والی پارٹیاں جو اپنے چھپے ہوئے منشور پیش کر رہی ہیں وہ ان کا منشور نہیں ہے ان کا اصل منشور وہ ہے جو انہوں نے پانچ سال تک اقتدار میں رہ کر عملاً پیش کیا جس کے نتیجے میں ملک کنگال ہو گیا۔ بدترین لوڈشیڈنگ سے معیشت اور صنعت تباہ کی ، عوام کو محرومیوں سے دوچار کیا ۔ امریکہ کی غلامی اختیار کی اور ملک کی سلامتی اور وقار کو داؤ پر لگایا ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا منشور عوامی خدمت کا منشور ہے ہم نے حکومت سے باہر رہتے ہوئے زلزلے اور سیلاب میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔ زلزلہ زدہ لوگوں کو مکانات تک تعمیر کر کے دیئے اور ان کی ضروریات پوری کی ہیں ۔ ہم نے امریکی غلامی کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے بھارت کو پیچھے دھکیلنے میں کردار ادا کیا اور اندھیروں کا مقابلہ اجالوں سے کیاہے ۔

پیر محل میں شائع ہونے والی مزید خبریں