عوام کی بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی۔ عمران خان

جمعرات 14 دسمبر 2006 18:09

سانگھڑ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14دسمبر2006 ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اغراض و مقاصد میں مظلوم طبقے کی دادرسی کرنا متوسط طبقہ کو بحال کرانا شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز تنظیم اصلاح معاشرہ کے رہنما محمود خاورقادری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 58 سالوں سے پاکستان کے 98 فیصد عوام پر 2 فیصد مسلط طبقہ نے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 140 خاندانوں کا سلسلہ سیاست میں دادے، نانے سے شروع ہو کر اب پوتوں، نواسوں تک جا پہنچا ہے جب تک پاکستان میں متوسط طبقہ کو وہ مقام نہیں دلایا جائے گا جوتقسیم سے پہلے ان کو حاصل تھا تب تک ملک کے معاشی اور انتظامی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ انگریز اپنے تسلط کو قائم رکھنے کیلئے لڑاؤ اورحکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ اب موجودہ حکمران بھی اس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا رح اورجسم کا رشتہ قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے حکمران یاد رکھیں کہ دکھی عوام کی بددعائیں انہیں لے ڈوبیں گی کیونکہ غریب کی آہ خانہ خراب کر دیتی ہے، حکمران امریکی امداد کے گھمنڈ میں مبتلا ہیں لیکن اللہ کی لاٹھی بے آوازہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کیخلاف جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے اسے انشاء اللہ عوام کی طاقت سے کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ پاکستان کی اصل طاقت عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک پاکستان کی حفاظت کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں