پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیربھٹو اندرون سندھ کے دورے پر سکھر پہنچ گئیں، سخت حفاظتی انتظامات میں‌لاڑکانہ پہنچ گئیں

ہفتہ 27 اکتوبر 2007 12:10

سکھر ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2007) پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن وطن واپسی کے بعد پہلی مرتبہ اندرون سندھ کے دورے پرکراچی سے سکھر پہنچ گئی ہیں۔۔ جہاں سے وہ اپنے والد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری کیلئے اپنے آبائی گاؤں گڑھی خدابخش لاڑکانہ پہنچ گئیں ہیں ۔ بھٹو کے اندرون سندھ کے دورے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

سکھر سے نمائندہ کےمطابق سابق وزیر اعظم کی سکھر آمد کےموقع پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئےگئے تھے۔ ایئرپورٴٹ پر حفاظتی ذمہ داریاں پاکستان رینجرز نے سنبھال رکھی تھیں۔ اس موقع پرایئر پورٹ میں داخلےکےلئےجاری ہونے والے پاس منسوخ کردئےگئےاور صرف مخصوص کارڈز کےحامل ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور صحافی ہی ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہو سکے ۔

(جاری ہے)

بے نظیر بھٹو کی سکھر آمد کےموقع پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کارکنوں اور منتخب نمائندوں کی بڑی تعداد صبح ہی سے سکھر ایئر پورٹ کے باہر موجود تھی ۔ اس سے پہلے کراچی سے بینظیر بھٹو کی روانگی سے قبل بلاول ہاؤس کے باہر حفاظتی اقدامات کی ریہرسل کی گئی۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں‌پر مشتمل حفاظتی دستے بلاول ہاؤس سے کراچی ایئرپورٹ پر مخصوص مقامات پر تعینات کئے گئے تھے۔

پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں‌کی بڑی تعداد نے بینظیر بھٹو کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ کیا۔ بینظیر بھٹو کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں کے علاوہ بڑی تعداد میں‌ملکی اور غیرملکی صحافی بھی سکھر پہنچے ہیں۔ سابق وزیر اعظم کو لاڑکانہ لےجانے والی بلٹ پروف گاڑی کی حفاظت کے لئے دو درجن پولیس موبائیلیں تعینات کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں