ملک کی معیشت پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک قابض ہیں جو اپنی شرائط منواکر عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہے ہیں، لیاقت بلوچ

جمعہ 8 جنوری 2010 20:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔08جنوری۔ 2010ء) جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ اس لئے نہیں دیئے تھے کہ حکمران منتخب ہونے کے بعد کرپشن، بدعنوانی اور لوٹ مار کریں۔ ملک کی معیشت پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک قابض ہیں جو اپنی شرائط منواکر عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہے ہیں۔ سکھر میں جماعت اسلامی کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کے دعویداروں نے جنرل مشرف کی پالیسیوں کو جاری رکھ کر ملک کو بدامنی میں دھکیل دیا ہے۔

بجلی، گیس ودیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی قوت خرید کو ختم کرکے رکھ دیا ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے امریکا پاکستان کے اوپر حاوی ہے اور امریکا کی دن بدن پاکستان کی بھڑتی ہوئی مداخلت پر ہمارے پاکستان کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے واقعات میں حکومت کی اتحادی جماعت ملوث ہے۔

انہوں نے کراچی میں پیش آنے واقعات کے دوران ہونے والے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی نطام کو جاری رکھنے کی حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں اور سانحہ 12 مئی، 9 اپریل، نشتر پارک اور 10 محرم الحرام کے واقعات کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے ججوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کا غصہ اس وقت تک ٹھنڈا نہیں ہوسکتا جب تک اکبر بگٹی کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں