حکومت کھیلوں کو سیاست سے پاک کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے‘سید خورشید احمدشاہ

اتوار 7 مارچ 2010 18:55

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔07مارچ۔2010ء) وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کو سیاست سے پاک کرنے کے لئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور ایسی حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جس کے تحت گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنایا جاسکے سپورٹس افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سکھر‘ روہڑی‘ پنوعاقل میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سپورٹس منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن میں سپورٹس کمپلیکس‘ کھیلوں کے میدان‘ آسٹروٹرف سمیت دیگر منصوبے ہیں۔ وہ میونسپل سٹیڈیم میں گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ سابقہ حکومت نے دیگر شعبوں کی مانند کھیلوں جیسے اہم شعبے کو بھی نظرانداز کیا جس کی وجہ سے ملک بھر میں کھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا موجودہ حکومت نے کھیلوں کے فروغ کو خصوصی طور پر فوکس کیا ہے خاص طور پر سکھر سمیت سندھ بھر میں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیرکو یقینی بنایا جا رہا ہے سکھر میں قومی مالیاتی ادارے کے تعاون سے 18 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہو گا جس میں کھیلوں کے مختلف میدان اور کورٹس شامل ہوں گے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے ریلوے گراؤنڈ میں آسٹروٹرف اور ہاکی سٹیڈیم تعمیر کرایا جا رہا ہے جس پر کام شروع کردیا گیا ہے اور مزید ایک اور جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد سکھر سمیت بالائی سندھ بھر کی عوام کو فائدہ ہو گا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نصراللہ بلوچ‘ ڈی سی او عبدالمجید پٹھان‘ سکھر بلڈ اینڈ ڈرگز سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر محمد نعیم سمیت بڑی تعداد میں کرکٹ شخصیات موجود تھیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے مقابلوں کے زیادہ سے زیادہ ا نعقاد کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام کھیلوں کی مقامی ایسوسی ایشن کھیلوں کے مقابلے اور کوچنگ کیمپ منعقد منعقد کرائیں اور مقابلوں کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں تربیت دی جائے تاکہ یہ کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا م ظاہرہ کرسکیں۔

اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نصراللہ بلوچ نے وفاقی وزیر کو میونسپل سٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ ٹورنامنٹ میں 30 سے زائد ٹمیں حصہ لے رہی ہیں اور ٹورنامنٹ کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر نجی اداروں نے تعاون کیا۔ ٹورنامنٹ کلرکٹ ہو گا اور ٹورنامنٹ کے موقع پر کھلاڑیوں میں بہت زیادہ جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ڈی سی او سکھر عبدالمجید پٹھان نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کو جتنا زیادہ ہوسکے یقینی بنایاجائے۔ انتظامیہ کی جانب سے سکھر ضلع میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں ہر ممکن تعاون کیاجاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں