کالا باغ ڈیم مردہ ایشوہے،متنازعہ منصوبے پربحث سے نفرتیں جنم لیں گی ،فیڈریشن میں نفاق پید ا کرنیوالا کوئی منصوبہ منظر عام پر نہیں آنا چاہیے ،مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں ، وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط میر ہزار خان بجارانی کی میڈیاسے بات چیت

ہفتہ 1 دسمبر 2012 15:32

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔1دسمبر 2012ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط میر ہزار خان بجارانی نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم مردہ ایشوہے،متنازعہ منصوبے پربحث سے نفرتیں جنم لیں گی ، ایسا کوئی منصوبہ منظر عام پر نہیں آنا چاہیے جس سے فیڈریشن میں نفاق پید اہو،مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں ۔وہ ہفتہ کویہاں سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

میرہزارخان بجارانی نے کہا کہ کالاباغ ڈیم ایک مردہ ایشو ہے ضیاء الحق اور نواز شریف نے اپنے ادوار میں کوشش کی تھی کہ اس پر اتفاق رائے قائم ہو سکے مگر ایسانہیں ہو سکا اسکے برعکس مشترکہ مفادکی قراردادوں کو تینوں صوبوں سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ نے متفقہ طور پر منسوخ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کسی ایسے منصوبے جس پر وفاق متفق نہ ہو تو اسے شروع کرنے سے صوبوں کے درمیان نفاق پیدا ہوگا اور نفرتیں جنم لیں گی چنانچہ کالاباغ ڈیم کی باتیں نہ فیڈریشن کے مفاد میں ہے اور نہ ی ملک کے مفاد میں۔

انہوں نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل155 کے سیکشن 6 میں صاف درج ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو نہ تو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے اور نہ کورٹ از خود نوٹس لے سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی پی پی دھمکیوں سے نہ تو پہلے ڈری ہے اور نہ کبھی ڈرے گی، ہماری طاقت عوام ہیں عوام کے پاس جانے میں ہمیں زیادہ خوشی ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں اور ہر صوبہ اپنے اپنے دآئرے میں رہ کر کام کر رہا ہے،مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں