کندھکوٹ‘ خسرہ سے مزید 5 بچے جاں بحق، ہلاکتیں 161 ہوگئیں،سینکڑوں پھول مرجھاجانے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیموں نے ویکسین کے لیے مراکز قائم کر دئیے، سندھ خسرہ کی بیماری سے اب تک 100 بچے انتقال کرگئے،فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر محکمہ صحت کے 5افسران کو معطل کردیا،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد کی سکھر میں میڈیا سے گفتگو

پیر 31 دسمبر 2012 12:58

کندھکوٹ/سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔31دسمبر 2012ء ) محکمہ صحت کی غفلت کے باعث خسرہ کی وبا ء پر قابو نہیں پایا جا سکا اور پیر کوکندھکوٹ میں خسرہ کے باعث مزید 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔ اس طرح سندھ بھر میں ہلاکتیں 161 ہوگئی ہیں۔سینکڑوں پھول مرجھاجانے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیموں نے ویکسین کے لیے مراکز قائم کر دئیے۔ادھر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمدنے کہا ہے کہ اندرون سندھ میں خسرہ کی بیماری سے اب تک 100 بچے انتقال کرگئے ہیں۔

فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر محکمہ صحت کے 5افسران کو معطل کردیا۔سندھ حکومت کی بلند و بانگ خدمت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ایک ماہ سے جاری خسرے کی وبا ء پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع کندھ کوٹ میں ایک ماہ میں80 بچے خسرے کی نذر ہوگئے جبکہ سینکڑوں اب بھی ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تنگوانی، کشمور، پیر بخش سمیت مختلف علاقوں میں 7 بچے خسرے سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

سکھر کی تحصیل صالح پٹ مزید 9 بچے خسرہ کی مہلک بیماری کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔دو ہفتے میں مجموعی طور پر 55 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔لاڑکانہ میں ایک اور ٹھل میں دو بچے بیماری کا شکار ہوگئے۔ خیرپور میں خسرے کی موذی وبا نے تین بچے نگل لیے جبکہ585 مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی ڈیڑھ سو سے زائد ٹیمیں خیرپور پہنچ گئیں۔

گھر گھر جاکر بچوں کو ٹیکے لگائے جا رہے ہں۔ ویکسین کے لیے مختلف مقامات پرسینٹر بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمد نے کہا کہ اب تک سندھ میں ی 100بچے خسرہ کی بیماری سے جاں بحق ہوئے ہیں۔وہ خو د سندھ میں خسرہ سے متاثرہ تمام علاقوں کا دورہ کریں گے اور سہی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ڈاکٹرصغیراحمد نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پرتعلقہ ہیلتھ آفیسرصالح پٹ ڈاکٹرشاہد ،ڈاکٹر ادریس اور ای ڈی او شکار پور ڈاکٹر قاضی خورشید سمیت محکمہ صحت کے پانچ افسران کو سندھ میں خسرہ سے بچاؤ کے لئے اقدامات نہ کرنے پرمعطل کردیا ہے۔جبکہ ویکسی نیشن اسٹاف اپنے اہداف حاصل کرنے کی ہدایات کی ہیں اور بصورت دیگر کارروائی کرنے کا کہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں