سکھر کو تباہ کرنے کی سازش کے خلاف سکھر بچاؤ اتحاد تحریک کا اجلاس ، سرکاری زمین کو بااثر افراد کے حوالے کرنے کی مذمت ،ملوث افراد کے خلاف تحریک چلانے کیلئے غور

جمعہ 15 فروری 2013 18:52

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15فروری۔2013ء) بااثر افراد کو سکھر کی سرکاری زمین کوڑیوں کے مول منتقل کر کے سکھر کو تباہ کرنے کی سازش کے خلاف سکھر بچاؤ اتحاد تحریک (خادمین سکھر ) کی جانب سے دی جانے والی کال پر آل پارٹیز سکھر کا ایک اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں سکھر بچاؤ اتحاد کے مولانا شہزادو ڈریھیو، مسلم لیگ ن کے لالا بشیر بھٹو ، انجمن گلستان کے ظہور الدین ، عباسی ویلفیئر کے رہنما امیر الدین عباسی ، سٹیزن ویلفیئر کے مزمل خان ، ماکا ویلفیئر کے قربان ماکو، تنظیم پاکستان کے ڈاکٹر سعید اعوان ،جے یو پی کے مشرف محمود قادری ، پاکستان مسلم لیگ ف کے ظفر اقبال آرائیں سمیت سکھر کی 32سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور سکھر کی سرکاری زمین کو بااثر افراد کے حوالے کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور ملوث افراد کے خلاف تحریک چلانے کیلئے غور و خوص کیا گیا بعد ازیں اجلاس تمام رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کے کرپشن میں ملوث افسران نے سکھر کی اربوں روپے کی سرکاری اراضی بااثر افراد کو کوڑیوں کے مول فروخت کرنا شروع کر دی ہے اور غیر قانونی طریقے سے غریب لوگوں کے پلاٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے شکایات کے باجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر انتظامیہ فوری طور پر ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں