پاک ایران گیس منصوبے کا افتتاح حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے، گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنا معاشی استحکام کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، گوادر پورٹ اور پاک ۔ ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بنا دیگا،پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ کا بیان

بدھ 13 مارچ 2013 19:58

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13مارچ۔ 2013ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ نے پاک ایران گیس پائپ لائین منصوبے کا سنگ ِ بنیاد رکھے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پیپلز پارٹی کی حکومت کا ایک اور تاریخ ساز کارنامہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے آپریشنل معاملات ہمسایہ ملک چین کے حوالے کرنے کے بعد یہ دوسرا بڑا اور اہم فیصلہ ہے جو ملک کی اقتصادی ترقی ‘ معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی میں سنگ ِ میل ثابت ہوگا ‘ بدھ کو اپنے ایک بیان میں اسلام الدین شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ ملک کواقتصادی ترقی ‘ معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے راستے پر ڈالنے کے حوالے سے تاریخی اقدامات سے بھری پڑی ہے لیکن سیاسی مخالفین اپنے سیاسی تعصب کی بناء پر پیپلز پارٹی کا اقتدار میں رہنا برداشت نہیں کرتے اور جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے اس کے خلاف سازشیں شروع کر دی جاتی ہیں ‘ اس بار بھی پیپلز پارٹی کو سکون سے حکومت کرنے کا موقع قطعی نہیں دیا گیا اور مختلف محاذوں سے پیپلز پارٹی کے خلاف مسلسل سازشیں کی جاتی رہیں ‘ انھوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس کے بانی شہید ذولفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور امریکہ کی مخالفت کے باوجود ایٹمی پروگرام کو بند نہیں کیا بلکہ پھانسی کا پھندہ قبول کر لیا ‘ شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کیا جس کی بدولت پاکستان 3000کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائل بنانے میں کامیاب ہوا ‘ انھوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل ِ تسخیر بنانے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ‘ اسلام الدین شیخ نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے امریکہ کی شدید مخالفت کے باوجود پاک۔

(جاری ہے)

ایران گیس پائپ لائین منصوبے کی منظوری دیکر اس کا سنگ ِ بنیاد رکھ دیا ہے جبکہ گوادر پورٹ چین کو دینے کے سلسلے میں بھی امریکہ کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں کی ‘انھوں نے کہا کہ مخالفین جتنی چاہے پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف ڈس انفارمیشن پھیلا ئیں وہ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ‘ لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں ‘ انتخابات میں مخالفین کو شکست دیں گے۔انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور پاک ۔ ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بنا دیگا اور صدر آصف علی زرداری کے دلیرانہ فیصلے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں