افغانستان میں امریکی فوج کاقیام خطے کے عوام کیلئے پریشانی کا باعث بنے گا ،تمام ممالک کو مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہیے ، فضل الرحمن ،جے یو آئی تحفظ پاکستان آرڈیننس کو کلی طور پر مسترد کرتی ہے ، مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے ، فیصلہ عدالتیں کریں گی ،میڈیا سے گفتگو

اتوار 1 دسمبر 2013 15:55

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1دسمبر۔2013ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کاقیام خطے کے عوام کیلئے پریشان کا باعث بنے گا ،صورتحال پر خطے کے ممالک کو مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہیے ،جے یو آئی تحفظ پاکستان آرڈیننس کو کلی طور پر مسترد کرتی ہے ، مشرف کا معاملہ میں عدالت میں ہے ، فیصلہ عدالتیں کریں گی ۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ خطے اور پاکستان میں جو امریکی مداخلت جاری ہے اسے روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک لائن پر چلان ہوگا ، اور سب کا ایک فیصلہ ہونا چاہیے ، تنہا پروازوں سے امریکہ کو فائدہ ہوگا ، انہوں نے کہاکہ پہلے طالبان اور دہشت گرد خطے میں خطرے کی علامت سمجھے جاتے تھے تاہم اب افغانستان میں امریکی فوج کا مزید قیام خطے کیلئے خطرناک ہوگا ، اس ساری صورتحال پر خطے کے ممالک کو مشترکا تحقیقات حکمت عملی بنانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

نیٹو سپلائی روکنے کے معاملے پرمولانافضل الرحمان نے کہاکہ ان کی جماعت نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد پھر سے ایک آل پارٹیز کانفرنس بلانے کامطالبہ کیا تھا تاکہ پیدا ہونے والے تعطل کا خاتمہ ایک مشترکا حکمت عملی سے کیا جائے تاہم اس کوشش کو سبوتاژ کردیا گیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ تحفظ پاکستان آرڈیننس ریاست کے شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال کررہا ہے اور جو قانون آئین میں تفویض کردہ بنیادی حقوق سے متصادم ہوگا وہ قوم کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں اس لئے وہ اور ان کی جماعت اس آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے ، اس سلسلے میں ان کی جماعت کے قانونی مشیران کا پینل حکومت کو آگاہ بھی کرے گا۔

پرویز مشرف کے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ مشرف کو سزا دینا یا نہ دینا ان کا معاملہ نہیں یہ معاملہ عدالت میں ہے ، عدالتیں فیصلہ کریں گی ۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملک کی تمام جماعتوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کرنے کا مینڈیٹ دیا تھا اور مذاکرات کو آگے بڑھانا حکمرانوں کا کام ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے لئے ٹرانسپورٹرز کی دھمکی کارگر ثابت نہیں ہوسکتی۔ ٹرانسپورٹرز کسی صورت خیبر پختونخوا کو تیل کی فراہمی نہیں روک سکتے ، یہ امریکی ملازم نہیں پاکستان کے ملازم ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں