قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 3 اپریل 2014 16:21

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں اور ان کا سیاسی فلسفہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ شہید بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

قائد عوام نے پاکستان کے غریب اور مظلوم عوام کو حقوق کیلئے زبان دی وہ جمعرات کے روز سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے ہمراہ سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین، وزیر ہاؤسنگ و پلاننگ چوہدری پرویز اشرف، وزیر تعلیم (سکولز) میاں عبدالوحید، وزیر جنگلات جاوید ایوب، وزیر خوراک جاوید بڈھانوی، مشیر حکومت مبشر اعجاز، صدارتی مشیر راجہ ساجد اور وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سیّد عزادار حسین کاظمی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھٹو آج بھی زندہ ہیں اور وہ عوام کے دلوں پر آج بھی حکمرانی کر رہے ہیں۔ بھٹو ایشیا کے عظیم لیڈر تھے جنہوں نے کروڑوں غریب اور پسے ہوئے عوام کو زبان دی اور انہیں حق حکمرانی دلانے کے لئے جان تک کی قربانی دیدی۔ شہید بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور اسے آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

شہید قائد نے جسمانی طور پر موجود نہ ہونے کے باوجود آج بھی عوام کے دلوں میں اسی طرح زندہ ہیں۔ ان کے چاہنے والوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے اندر موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی ہم اپنے قائد سے اپنی دلی و نظریاتی وابستگی کا اعادہ کرنے یہاں عظیم دھرتی پر آتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم شہید بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے دیگر عظیم شہداء کو بھی ان کی بے پناہ عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو جیسے قائدین ملے اور ان کے جانے کے بعد اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری جیسے نڈر اور بے لوث قائدین شہید جمہوریت کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر آج بھی شہید قائد عوام کے مشن پر کاربند ہے اور شہداء کا یہ مشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور اداروں کی مضبوطی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں