حکومت کو طالبان دھڑوں کے اختلافات سے فائدہ اٹھانا چاہیئے، خورشید شاہ

جمعہ 30 مئی 2014 17:26

حکومت کو طالبان دھڑوں کے اختلافات سے فائدہ اٹھانا چاہیئے، خورشید شاہ

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30مئی 2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو طالبان دھڑوں میں ہونے والے اختلافات سے بھرپور قائدہ اٹھانا چاہیئے۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جو طالبان گروپ بات کرنا چاہتے ہیں حکومت کو ان سے مذاکرات کرنے چاہیئیں، طالبان رہنما سید خالد سجنا نے خود کہا کہ طالبان کا ایک گروپ مولوی فضل اللہ کی قیادت میں ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، کرپشن اور بھتہ خوری میں ملوث ہے تو حکومت کو طالبان دھڑوں کے آپسی اختلافات سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اتحاد سب کا بنیادی حق ہے مگر اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے کہ یہ اتحاد صرف حکومت کے خلاف ہو اس سے ملک کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو عمران خان کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے 4 ن لیگ کے اور 4 تحریک انصاف کے جیتے ہوئے حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروا کے معاملے کو ختم کرنا چاہیئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، اگر یہ معاملہ جلد حل نہ کیا گیا تو حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر کرپشن کے الزامات سے متعلق خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ سمجھ نہیں آتا کہ حکومت یہ خود کر رہی ہے یا کسی کے ذریعے کروا رہی ہے، اس پر بہت افسوس ہے۔

قائد حرب اختلاف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس سسٹم کو بچانے کے لئے آگے بڑھ رہی ہے لیکن اگر حکومت نے ماضی کی سیاست کو جاری رکھا اور ہمارے رہنماؤں کو اسی طرح الزامات کا نشانہ بنایا جاتا رہا تو پھر مجبورا ہمیں اپنے راستے ڈھونڈنے پڑیں گے، جمہوریت انتقام پر نہیں چلتی، وزیراعظم نواز شریف کو اپنی ٹیم کو بلا کر اس معاملے پر بات کرنی چاہیئے اور اگر نواز شریف کے ہاتھ سے معاملہ آگے بڑھ چکا ہے تو انھیں چاہیئے کہ پیپلز پارٹی کو اس حوالے سے اعتماد میں لے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں