زرعی ترقیاتی بینک سکھر نے قرضوں کے بقایاجات کی وصولی مہم تیز کردی

بدھ 20 اگست 2014 21:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء ) زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی خصوصی ہدایت پر ZTBL سکھر نے قرضوں کے بقایاجات کی وصولی مہم تیز کردی۔ وصولی کے سلسلے میں تمام ایم سی اوز کو مکمل اختیارات کے ساتھ فری ہینڈ دے دیا گیا۔ نادھندگان کو کسی قسم کی رعایت نہ دینے کا فیصلہ۔ قرضہ حاصل کرکے انتقال کرجانے والے کاشتکاروں کی جانب لاگو سود معاف کرنے کا حکم، اصل رقوم جلد جمع کروانے کی ہدایات جاری۔

اس سلسلے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے زرعی ترقیاتی بینک سکھر کے مینیجر احسان علی شیخ نے بتایا کہ بینک کی جانب سے صالح پٹ، کندہرہ، روہڑی، سکھر ون اور سکھر ٹو میں بقایاجات کی وصولی کی مہم تیز کردی گئی ہے اس سلسلے میں زرعی بینک کے صدر کی جانب سے بینک کی پوزیشن کو بہتربنانے اور کاشتکاروں کے لئے سہولیات پیدا کرنے کی بھی خصوصی ہدایات موصول ہوچکی ہیں جبکہ نادھندگان کے بارے میں کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اور جو بھی شخص بینک کی ہدایات پر توجہ نہیں دے گا اس کے خلاف بینک کے قوانین کے تحت کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے ایسے افراد کے لواحقین کو سہولت دی گئی ہے جن کے گھر کا فرد قرضہ لینے کے بعد انتقال کرچکا ہو تو اسے سود کی رقم معاف کردی گئی ہے جبکہ اصل رقم بروقت جمع کروانے کی بھی سخت ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

احسان علی شیخ نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک سکھر برانچ کی معرفت 101خوش نصیب افراد اس مرتبہ حج کی سعادت حاصل کریں گے، اور اس سلسلے میں خصوصی ہدایت ہے کہ ان خوش نصیبوں کو حاجی کیئمپ پہنچنے پر زرعی بینک کی جانب سے تمام تر بنیادی سہولیات مہیا کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اچھے کاشتکاروں کو بروقت اور سہل انداز سے قرضہ جات مل سکیں تاکہ زرعی ترقیاتی بینک کے اصل مقاصد پورے ہونے کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی میں بھی بینک اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں