سکھر،غیر اعلانیہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ،حکومت کے خلاف نعرے

جمعرات 8 جنوری 2015 14:43

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 جنوری 2015ء) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے خلاف پرانہ سکھر نصرت کالونی نمبر پانچ کے علاقہ مکینوں مرد و خواتین نے معصوم بچوں کے ہمراہ جے یو آئی کے پریس ترجمان قاری لیاقت علی مغل و دیگر علاقہ معززین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور سپیکو اور سوئی گیس سدرن کمپنی کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس پریشر کی کمی کے باعث گھریلوں سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جس کے باعث خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم شکایتوں کے باوجود گیس انتظامیہ شہریوں کی شکایتوں کے باوجود اس مسئلے کی جانب توجہ دینے سے قاصر ہے رہی سہی کسر سپیکو انتظامیہ نے پوری کر رکھی ہے گذشتہ کئی دنوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سلسلے نے علاقہ مکینوں کو ذہنی ڈپریشن کا شکار بنایا ہوا ہے ایک جانب گیس پریشر کی کمی تو دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اب نہروں کی سالانہ صفائی کے بعد پانی کی فراہمی بھی معطل ہو جائیگی جو علاقہ مکینوں سمیت شہریوں کیساتھ زیادتی ہے متعلقہ محکموں کو چاہئے کہ وہ علاقہ مکینوں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے موئثر اقدام کریں بصورت دیگر عوامی مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا ۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں