ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور ماتھیلوسے غائب قیمتی مشینری کی انکوائری کرواکے ملوث افسروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی،

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے معاون خصوصی برائے اسپیشل انسپیکشن ٹیم مظفر شجاع کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 19 فروری 2015 18:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19فروری۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے معاون خصوصی برائے اسپیشل انسپیکشن ٹیم مظفر شجاع نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلوسے غائب ہوجانے والی قیمتی مشینری کی انکوائری کرواکے ملوث افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ وہ جمعرات کو کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں ضلع گھوٹکی کے افسروں کے افسروں سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں انسپیکشن ٹیم کے چیئرمین سبحان میمن و ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد طاہر وٹو سمیت محکمہ روینیو، پولیس، آبپاشی، زراعت، میونسپل، صحت، تعلیم اور اکاؤنٹس کے افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عوامی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے اس لیے ضلع گھوٹکی کے تمام افسروں کو چاہیے کہ وہ اپنی کاکردگی بہتر بناکر عوام کی خدمت کریں جو کہ ان کا فرض ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایات پر سندھ کے مختلف اضلاع میں جاکر عوامی شکایات سُن رہے ہیں تا کہ صورتحال کا جائزہ لیکر وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کر سکیں اس لیے تمام افسروں کو چاہیے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر عوام کے مسائل حل کریں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی کیوں کہ عوامی شکایات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

اجلاس کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کو ہدایات دی کہ اوباوڑو میں قائم ہونے والے پبلک اسکول گھوٹکی کو جون 2015 فنکشنل کیا جائے اور کام کے معیار کا جائزہ لیکر رپورٹ فراہم کی جائے اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور ماتھیلو سے غائب ہو جانے والی قیمتی مشینری کے حوالے سے بھی انکوائری کرکے رپورٹ فراہم کی جائے تا کہ ملوث افسروں کہ خلاف کارروائی ہو سکے۔ انہوں نے ضلع کے تمام افسروں کو سختی سے ہدایت کی کہ 2012 کے بعد آج تک کاکردگی کی تفصیلی رپورٹ فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں