پرفتن دور میں اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر درپیش مشکلات و چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے، مفتی محمد ابراہیم قادری،

بزرگان دین نے اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے اسلام کی تبلیغ و ترویج کی، امت مسلمہ کو بحرانوں سے نکلنے کیلئے بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے،رکن اسلامی نظریاتی کونسل

ہفتہ 21 فروری 2015 22:22

سکھر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مفتی محمد ابراہیم قادری نے کہا ہے کہ پرفتن دور میں اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر درپیش مشکلات و چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے، بزرگان دین نے اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے اسلام کی تبلیغ و ترویج کی، امت مسلمہ کو بحرانوں سے نکلنے کے لئے بزرگان دین کی تعلیمات پر پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوفی محمد جمیل اور علامہ محمد عدیل کی رہائشگاہ پر منعقدہ محفل گیارہویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سکھر کے معروف ثناء خواں محمد عدنان قادری نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر مشرف محمود قادری، صغیر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں مفتی ابراہیم قادری کا کہنا تھا کہ پیران پیر روشن ضمیر غوث الاعظم دستگیر کو رب تعالیٰ کی بارگاہ میں خصوصی مقام و مرتبہ حاصل ہے، آپ  نے بے پناہ ریاضت و عبادات کرکے رب تعالیٰ کے مقرب بندے ہونے کا اعزاز حاصل کیا، آپ  تمام اولیاء کے سرتاج ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان سمیت عالم اسلام کے مسلمانوں کا مختلف بحرانوں میں مبتلا ہونے کا سبب قرآن و سنت کی تعلیمات سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہے، تاریخ اسلام ہمارے اسلام و بزرگوں کے کارناموں سے روشن ہیں مگر ہم نے خدا کی رسی کو چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں ذلت ہمارا مقدر ہوگئی ہے، امت مسلمہ اگر اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے لازمی ہے کہ وہ قرآن و سنت اور اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو۔ بعد ازاں تقریب میں شرکاء کے لئے لنگر غوثیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں