محکمہ صحت کے کچھ افسران اور عملے کی لاپرواہی کی وجہ سے سکھر میں پولیو کے وائرس پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھر عبدالغفار سومرو

جمعہ 17 اپریل 2015 20:36

سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکھرI عبدالغفار سومرو نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے کچھ افسران اور عملے کی غیر سنجیدگی، لاپرواہی اور کوتاہی کی وجہ سے سکھر میں پولیو کے وائرس پر کنٹرول نہیں کیا جاسکاجس کے نتیجے میں سکھر کے علاقے یو سی بچل شاہ میا نی میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے جو ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے20 اپریل سے 22 اپریل تک شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے ڈپٹی کمشنر سکھر آفس کے کانفرنس ہال میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ عبدالغفار سومرو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے کچھ افسران کو ڈی ڈی ایم کارڈپرُ کرنانہیں آتا وہ پولیو کے خاتمے کے لیے کیا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر نظام کو بہتر کرکے اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا اور باہمی رابطے کو مزید موثر بنانا ہوگاتاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جاسکے اجلاس میں انہوں نے تمام این جی اوز کو ہدایت کی کہ وہ سوشل موبلائزیشن میں بھرپورتعاون کریں اور پولیو کے خاتمے کی مہم کے دوران خواتین کی شرکت کو ہر صورت میں یقینی بنائیں ،عبدالغفار سومرو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی کاز میں آگے بڑھ کر ضلع انتظامیہ سے تعاون کریں اور جہاں کہیں بھی انسداد پولیو کی ٹیمیں نہیں پہنچتی اس کی فوری اطلاع ڈپٹی کمشنر سکھر کے پولیو کنٹرول روم کو دیں تاکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو کے قطرے پلا کر صحت مند قوم پروان چڑھائی جائے اور لاپرواہی کرنے والی ٹیموں کے خلاف کاروائی کی جاسکے ،اجلاس کے دوران ڈی ایچ او سکھر نے بتایا کہ روٹین ایمونائزیشن پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ پولیو کو کنٹرول کیا جاسکے اور ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پولیو کے قطرے ضائع نہ کریں اور جویو سی ایم اوز ٹریننگ کے دوران غیر حاضر ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پولیو کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالحئی کھوسو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 287314 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے اور 13 ہائی رسک یوسیز ہیں جبکہ 1160 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے حدف کو مکمل کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں