سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کا کردار نہیں ہونا چاہیے اپوزیشن لیڈر

کراچی میں الطاف حسین نے آپریشن کے لیے خود فوج کو دعوت دی تھی،سید خورشیدشاہ

پیر 20 جولائی 2015 17:21

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جولائی۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کا کردار نہیں ہونا چاہیے جب کہ کراچی میں الطاف حسین نے آپریشن کے لیے خود فوج کو دعوت دی تھی۔گزشتہ روزسکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئیسیدخورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں 55 سال کی آمریت کی وجہ سے کرپشن پھیلی اب اللہ نہ کرے کہ ملک میں دوبارہ مارشل لا لگے،کرپشن ملک کے کسی بھی صوبے میں ہو کینسر کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں الطاف حسین نے آپریشن کے لیے خود فوج کو دعوت دی تھی جو آبیل مجھے مار والی بات ہے جب کہ سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کا کردار نہیں ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ میری دعا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سیاست میں آجائیں۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اسلام محبت وبھائی چارے کا درس دیتا ہے جب کہ القاعدہ اور داعش اسلام کا نام بدنام کررہے ہیں،داعش القاعدہ کا دوسرا نام ہے جو نام تبدیل کرکے عوام کو ڈرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ ملک سے غربت اور جہالت کا خاتمہ ہو جب کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری حاکم وقت پرعائد ہوتی ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں