ایم کیو ایم مختلف قومیتوں کے پھولوں پر مشتمل ایک ایسے گلدستے کی مانند ہے جس کی خوشبو سے آج ملک کا کونا کونا مہک رہا ہے،محمد علی شاہ

ہفتہ 15 فروری 2014 17:26

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15فروری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ مختلف قومیتوں کے پھولوں پر مشتمل ایک ایسے گلدستے کی مانند ہے جس کی خوشبو سے آج ملک کا کونا کونا مہک رہا ہے ۔ سندھ دشمن قوتوں نے سندھ دھرتی کے باشندوں کو آپس میں لڑوانے کی ہر کوشش کر کے دیکھ لی ہے مگر سندھ کی عوام قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں آج پہلے سے زیادہ متحد اور منظم ہو چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج سید محمد علی شاہ نے رند آباد کالونی میں رند برادری ، خاصخیلی برادری اور اوڈھ برادری سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کی ایم کیو ایم میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ موجود اراکین زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ ، مقبول حسین اوٹھو اور امجد حسین جاگیرانی نے بھی محفل کے شرکاء سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم ایک ایسا سمندر ہے جس میں سندھی ، مہاجر ، پٹھان ، پنجابی ، بلوچ سمیت پاکستان میں بسنے والی ہر قومیت کا فرد شامل ہے ۔ ایم کیو ایم و ہ واحد جماعت ہے جس میں رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر کسی بھی قسم کی تفریق نہیں کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایم کیو ایم کے خلاف یہ الزام تواتر کے ساتھ لگایا جاتا رہا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ دھرتی اور سندھی قوم کی مخالف جماعت ہے۔

جبکہ درحقیقت ایم کیو ایم جب کبھی کسی فرد یا جماعت کی مخالفت کی ہے تو اس کے ظلم و جبر اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کی ہے ۔ عوام دشمن قوتوں کے خلاف ایم کیو ایم کی جدوجہد مستقبل میں بھی جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی قوم کی مخالف نہیں بلکہ ایم کیو ایم تو خود مظلوموں کی جماعت ہے ۔ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال آج بھی بھرپور قوت کے ساتھ کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برسوں پہلے مہاجر قومی موومنٹ کا قیام بھی کسی قومیت کی مخالفت کے لئے نہیں بلکہ مہاجروں کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کے ازالے کے لئے عمل میں لایا گیا ۔ بعدازاں قائد تحریک الطاف حسین نے مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد کو ملک میں بسنے والی تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں تبدیل کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے قیام اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی شاہ لطیف کی دھرتی ہے اور شاہ لطیف کا پیغام امن اور محبت کا پیغام ہے ۔ جبکہ سندھ پر قابض ظالم وڈیروں نے سندھ دھرتی کو ڈاکو ، لٹیروں اور کاروکاری جیسے منفی عمل کے ذریعے بدنام کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتیں کہتی کچھ اور کرتی کچھ ہیں جبکہ قائد تحریک الطاف حسین نے جو کچھ بھی کہا وہ کر کے دکھا یا ہے ۔

ایم کیو ایم نے ایک غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے فرد کو ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر بنا کر حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کر کے دکھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج حق پرستی کے قافلے میں شامل ہونے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آج سے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ بعدازاں محمد اسلم رند ، احمد خاصخیلی اور سجن اوڈھ نے قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی برادری سمیت ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں