ٹنڈو الہ یار، الطاف حسین نے فرسودہ سیاسی نظام کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے،نوید قائم خانی

منگل 23 ستمبر 2014 16:31

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) انتظامی بنیادوں پر نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے ذریعے عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولیات بہتر طور پر میسر آسکیں گی ۔ انتظامی یونٹس کی مخالفت کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی نے قائد تحریک الطاف حسین کی سالگرہ کے سلسلے میں یونٹ3-Bمیں منعقدہ معززین کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر جوائنٹ زونل انچارج عبدالرحمان ایڈووکیٹ اور رکن زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ نے بھی تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی بقاء کے لئے ایوانوں میں ہلکان ہونے والے سیاستدان درحقیقت جمہوری رویوں سے یکسر ناواقف ہیں۔

(جاری ہے)

لوکل گورنمنٹ نظام کی غیر موجودگی میں جمہوریت کے مکمل نفاذ کا دعویٰ کرنا عوامی مسائل سے ناواقفیت کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے فرسودہ سیاسی نظام کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے ۔ عوام اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لئے قائد تحریک الطاف حسین کی جدوجہد کا حصہ بن جائیں ۔ اور وڈیرانہ ، جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کے لئے ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم پر متحد و منظم ہو جائیں۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں