ٹنڈو الہ یار، راؤ انوار کے الزامات ایم کیوایم کے خلاف جاری میڈیا ٹرائل مہم کا حصہ ہیں، نوید قائم خانی

جمعہ 1 مئی 2015 19:04

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈوا لہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے سندھ پولیس کے افسر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات کی شدید مذمت کی ہے اور ان الزامات کو ایم کیوایم کے خلاف جاری میڈیا ٹرائل مہم کا حصہ قرار دیا ہے ۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ راؤ انور جیسے کرپٹ پولیس افسر کی جانب سے پریس کانفرنس کے ذریعے ایم کیوایم کے خلاف الزامات لگائے جانا کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ماضی میں بھی ایم کیوایم کے خلاف جاری آپریشن کے دوران راؤ انوار جعلی پولیس مقابلوں اور نت نئے انکشافات کے ذریعے عوام کے دلوں سے ایم کیوایم کی محبت کو ختم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کی پریس کانفرنس اپنے ادھورے مشن کی تکمیل کی ایک اور ناکام کوشش سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ راؤ انوار نے ایم کیوایم کا تعلق ہندوستانی خفیہ ایجنسی راء سے جوڑکر کروڑوں محبت وطن پاکستانیوں کے جذبات کی توہین کی ہے ۔ ایک ایسی جماعت جس کے ماننے والوں کی اکثریت بانیان پاکستان کی اولادوں پر مشتمل ہے کوملک دشمن قرار دینا پاکستان کے قیام پر سوالیہ نشان اٹھانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر حب الوطنی کے سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے کی بدولت ماضی میں سقوط ڈھاکہ جیسا سانحہ پیش آچکا ہے۔ لیکن ماضی سے سبق نہ سیکھنے والی قوتوں نے ایک مرتبہ پھر سے پاکستان کے وجود سے کھیلنا شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کی بقاء کے لئے نعرہ بلند کیا ہے ۔

ایم کیوایم اور اسکے کروڑوں کارکنان ملک کی سلامتی اور بقاء کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے کا عزم و حوصلہ اپنے دلوں میں موجزن رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راؤ انور اپنے خلاف جاری سرکاری زمینوں پر قبضے ، جعلی پولیس مقابلوں ، ریتی بجری مافیاسے گٹھ جوڑ سمیت دیگر الزامات سے نمٹنے پر اپنی توانائیاں صرف کریں ۔ اورجھوٹی پریس کانفرنسوں کے ذریعے اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کے غیر قانونی اقدامات سے مکمل طور پر گریز کریں۔ بصورت دیگر عوام ایسے کرپٹ افسران کا احتساب کرنے کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں