کراچی ، حیدرآباد اور میرپور خاص کے بعدٹنڈو الہ یار میں بھی حق پرست امیدواران فقیدالمثال کامیابی حاصل کریں گے،نبیل احمد خان

جمعہ 18 دسمبر 2015 18:46

ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء ) قائد تحریک الطاف حسین کا نظریہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سندھ کے گلیوں کوچوں میں پھیل چکا ہے۔کراچی ، حیدرآباد اور میرپور خاص کے بعدٹنڈو الہ یار میں بھی حق پرست امیدواران فقیدالمثال کامیابی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیوایم کی سندھ تنظیمی کمیٹی کے رکن نبیل احمد خان نے یونٹس، تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران ، حق پرست بلدیاتی امیدواران اور کارکنان کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ قائم مقام زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ و اراکین زونل کمیٹی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے پیغام کو روکنے کے لئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے لیکن کوئی بھی سازش عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی ہر سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو ملنے والی تمام تر کامیابیاں شہیدوں کے مقدس لہو کی مرہون منت ہیں۔ تمام ذمہ داران ، کارکنان اور حق پرست بلدیاتی امیدواران شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں اوراپنی تحریکی ذمہ داریوں کو ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیگر شہری علاقوں کی طرح ٹنڈو الہ یار بھی قائد تحریک الطاف حسین کے مضبوط قلعے میں تبدیل ہو چکا ہے۔بلدیاتی انتخابات میں ٹنڈو الہ یار کی عوام حق پرست امیدواران کو اکثریت کے ساتھ کامیابی دلوا کر قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفے پر اپنے بھرپور اعتماد کی مہر ثبت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں