پیپلز پارٹی کی حکومت تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ، سید نوید قمر

پیر 13 اپریل 2009 20:58

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل ۔2009ء) وفاقی وزیر نجکاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ٹنڈو محمد خان کے قریبی گاؤں خمیسو حاجانو میں بجلی کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سید نوید قمر نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کو ناکام کرنے کے لئے جمہوریت دشمن قوتیں مسلسل سازشیں کررہی ہیں جسے عوام کی طاقت سے ناکام کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صنعتی یونٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ جس سے علاقے میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے گا جبکہ ملک سے بجلی کی قلت کے خاتمے کے لئے بھی حکومت نے جامع منصوبہ بندی کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر سید نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان تاجران فیڈریشن کے صدر حاجی اسمعیل میمن کی قیادت میں ان سے ملنے والے تاجر برادری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ٹنڈو محمد خان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں اور تاجر برادری کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے حیسکو ٹنڈو محمد خان کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کریں اس موقع پر صوبائی سندھ اسمبلی کے ممبر سید محسن شاہ بخاری ، سید اعجاز شاہ، حاجی امین لاکھو، محمد علی قریشی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں